سری نگر‘ مظفر آباد (کے پی آئی‘ نیٹ نیوز) مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج پر نامعلوم افراد کے حملے میں 4 بھارتی فوجی ہلاک ہوگئے۔ حملے میں 6 بھارتی فوجی زخمی بھی ہوئے جن میں سے 2 کی حالت تشویش ناک بتائی جارہی ہے۔ بھارتی فوج کی گاڑی پر ضلع کٹھوعہ میں حملہ ہوا، بھارتی فوج کی گاڑی کو دستی بموں اور فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا۔ حملے کے بعد بھارتی فوج نے علاقے کا محاصرہ کرکے بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کر دیا ہے۔ کشمیری عوام نے پیر کو کشمیری حریت پسند کمانڈر برہان مظفر وانی کی آٹھویں برسی عقیدت واحترام سے منائی۔ اس سلسلے میںکنٹرول لائن کے دونوں طرف اور دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں نے خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا۔ دوسری جانب بھارتی تحقیقاتی ادارے نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی این آئی اے نے ضلع کپواڑہ سے ایک نوجوان کو گرفتار کر لیا۔ این آئی اے کے بیان میں گرفتار نوجوان کا نام سید سلیم جہانگیر اندرابی بتایا گیا ہے۔ جبکہ مقبوضہ جموں وکشمیر سے تعلق رکھنے والے ایک ڈرائیور کی نعش پراسرار حالت میں برآمد ہوئی ہے۔ ضلع کپواڑہ کے علاقے چترہ کوٹ کرناہ سے تعلق رکھنے والے ٹرک ڈرائیور رفیق احمد کی نعش میزورام کے ضلع کالا سب سے برآمد ہوئی ہے۔ رفیق کے اہل خانہ کا کہنا ہے اسے قتل کیا گیا اور اس کی نعش کار میں چھوڑ دی گئی تھی۔ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ایک ویڈیو میں رفیق احمد کے سر پر خون کے دھبے اور جسم پرگہرے زخموں کے نشان دیکھے جاسکتے ہیں ۔