حافظ آباد(نمائندہ نوائے وقت) جماعت اسلامی کے ضلعی امیر ملک شوکت علی پھلروان نے یہاں پروفیسر محمد ایوب کے ہمراہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کی بڑھتی ہوئی قیمت اور زائد ٹیکسز نے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی۔ ہمارا ملک پاکستان اس وقت معاشی سیاسی خلفشار کا شکار ہے،شاید اس سے پہلے کبھی نہ تھا۔لیکن اسکے باوجود ہمارا حکمران طبقہ ابھی تک درست فیصلے کرنے کیلئے تیار نہیں ۔ حکومت کا بیانیہ ہے کہ ملک ڈیفالٹ کی طرف بڑھ رہا ہے لیکن حکمران عیاشیاں چھوڑنے کیلئے تیار نہیں ۔ سیاسی شخصیات اپنے آپ کوپرموٹ کرنے کیلئے خود پر کروڑوں روپے صرف کر رہے ہیں لیکن غریب اور متوسط طبقے پر ٹیکسوں کی بھر سے ان کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔انہوںنے کہا کہ سول اور ملٹری بیوروکریسی سمیت حکمران طبقہ کی مراعات اور عیاشیوں سمیت تمام پروٹوکول کو ختم کیا جائے اور تنخواہ دار طبقہ پر عائد کیا گیا ٹیکس فوری واپس لیا جائے۔انہوںنے کہا کہ حکمرانوں کو شرم دلوانے کیلئے جماعت اسلامی 12 جولائی کو اسلام آباد میں احتجاجی دھرنادے گی اور ضلع بھر سے کارکنوں کا ایک بہت بڑا کارواں اس دھرنے میں شرکت کرے گا۔