گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی)گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن نے مطالبات پورے نہ ہونے پر پہیہ جام ہڑتال کی دھمکی دے دی۔محرم کے بعد گڈز ٹرانسپورٹ بند رہے گی‘صدر ہارون آصف راٹھور اور سرپرست اعلی وچیئرمین حاجی چوہدری عبدالقیوم نے کہاہے کہ حکومت کی جانب سے گڈز ٹرانسپورٹرز کے ساتھ ہونے والے ظلم وزیادتی پر محرم کے بعد پہیہ جام ہڑتا ل کی جائے گی جو کہ غیر معینہ مدت تک رہے گی۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ایکسل لوڈ اور این ایچ اے کانٹوں پر بھاری جرمانوں کو روکا جائے۔ پٹرولنگ پولیس سے چالان بک واپس لی جائے اور ٹرانسپورٹرزکی گاڑیوں سے صرف مال کی چوری وڈکیتی کو روکا جائے‘ ٹریفک وارڈن کو بد اخلاقی اور غیر قانونی چالانوں سے روکا جائے‘ ٹال ٹیکس میں ناجائزاضافہ واپس لیا جائے۔ وکس کی پاسنکگ غنڈہ گردی کو روکا جائے اور وکس کا دفتر گوجرانوالہ شہر بائی پاس کے نزدیک لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ گوجرانوالہ میں گڈز ٹرانسپورٹرز کیلئے ٹرک اسٹینڈ مہیا کیا جائے‘ ہیوی ٹریفک ومنی مزدا کو کھیالی بائی پاس سے لے کر ملک ٹریول تک آنے کی اجازت دی جائے جبکہ گوجرانوالہ شہر میں مزدا کو آنے کی اجازت دی جائے۔ اگر ہمارے مطالبات پورے نہ ہوئے تو محرم کے بعد پہیہ جام ہڑتال کی جائے گی جو مطالبات کی منظوری تک جاری رہے گی۔