حکمران مہنگائی، لوڈ شیڈنگ ختم کریں، ترقی کیلئے سیاسی استحکام ضروری: پوزیشن ہولڈر

Jul 09, 2024

لاہور (رفیعہ ناہید اکرام) لاہور بورڈ میٹرک کے سالانہ امتحانات برائے 2024ء کے پوزیشن ہولڈرز نے کہا ہے کہ زندگی کا ایک ایک لمحہ اور امتحان کا ایک ایک نمبر قیمتی ہوتا ہے، ان دونوں پر فوکس کیا جائے تو پوزیشن کا حصول مشکل نہیں، ہم نے پوزیشن کے حصول کیلئے پڑھائی کو بہت وقت دیا۔ حکمران مہنگائی اور لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کریں جب تک سیاسی استحکام نہیں ہوگا ملک ترقی نہیں کر سکتا۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز نوائے وقت سے خصوصی گفتگو میں کیا۔ سائنس گروپ میں 1190 لے کر مجموعی طور پر پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے دانش سکول کے طالب علم محمد ایان کاشف نے کہا کہ میری کامیابی میں والدہ، اساتذہ کا بہت بڑا ہاتھ ہے۔ میں نے کوئی ٹیوشن نہیں پڑھی۔ مستقبل میں آرٹیفشل انٹیلیجنس کی دنیا میں نام پیدا کرنا چاہتا ہوں۔ سائنس گروپ میں 1185 نمبر لے کر تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے نجی سکول کے طالب علم عبیداللہ عثمان نے کہا کہ میرے ساتھ میرے سکول نے بھی بہت محنت کی، اس لئے پوزیشن کی امید تھی۔ مستقبل میں سافٹ ویئر انجنیئر بننا چاہتا ہوں۔ 1186 نمبر لے کر سائنس گروپ میں دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی طالبہ ماہین سجاد نے کہا کہ میں اپنی کامیابی پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتی ہوں، میں نے فوکسڈ ہو کر پڑھا اور ایک ایک نمبر کی ویلیو کو سمجھ کر امتحان دیا۔ میں کمپیوٹر انجینئر بن کر یا سی ایس ایس کر کے ملک و قوم کی خدمت کرنا چاہتی ہوں۔ 1185 نمبر لے کر سائنس گروپ میں تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی طالبہ عبیرہ اصغر نے بتایا کہ پہلے سے توقع تھی کہ پوزیشن لوں گی۔ ڈاکٹر بن کر ملک و قوم کی خدمت کرنے کا عزم رکھتی ہوں۔ ہیومینٹیز گروپ طالبات میں 1147 نمبر لے کر دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی حافظہ کائنات عامر نے کہا کہ دن رات پڑھتی تھی اللہ کا شکر ہے کہ اس نے محنت اور پوزیشن، دعائیں قبول کیں۔ پاکستان بہت اچھا ملک ہے مگر سیاسی عدم استحکام کے باعث یہاں ترقی کا پہیہ رکا ہوا ہے حکمران اس پر توجہ دیں۔ ہیومینٹیز گروپ طالبات میں 1152 نمبر لے کر مشترکہ طور پر پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی طالبہ مائرہ عمران نے بتایا کہ میں نے کسی ٹیوشن کے بغیر پوزیشن حاصل کی۔ میں حافظہ ہوں اور ٹیچر بننا چاہتی ہوں، 1152 نمبر لے کر ہیومینٹیز گروپ طالبات میں مشترکہ طور پر پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی حفصہ شاہ رسول نے کہا کہ پاکستانی عوام کے مسائل پر توجہ دی جائے۔

مزیدخبریں