اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سلام آباد محمد افضل مجوکانے دوران عدت مبینہ نکاح کیس میں سزا کے خلاف بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کی اپیلوں کی سماعت میں خاورمانیکا کے وکیل کی عدم دستیابی کے باعث دلائل نہ ہوسکے جبکہ فاضل عدالت نے سماعت ملتوی کرنے سے متعلق ہدایات کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا ہے۔ کیس کی سماعت کے دوران پی ٹی آئی وکیل مرتضی طوری عدالت پیش ہوئے اور سماعت میں وقفہ کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہاکہ سینئر وکلا نے آنا ہے سماعت میں وقفہ کیاجائے جس پر عدالت نے سماعت میں وقفہ کردیا،جس کے بعد سماعت شروع ہونے پر پی ٹی آئی وکلا بیرسٹر سلمان صفدر عثمان ریاض گل اور خالد یوسف چودھری عدالت پیش ہوئے،بیرسٹر سلمان صفدر نے کہاکہ سلمان اکرم راجہ ایڈوکیٹ عدت کے دورانیہ پر اپنے دلائل دے چکے،میں عدت کے دورانیہ کے حوالے سے سلمان اکرم راجہ ایڈوکیٹ کے دلائل اپناتا ہوں،دوران سماعت خاور مانیکا کے وکیل کے ایسوسیٹ وکیل عدالت کے سامنے پیش ہوگئے اورسماعت ملتوی کرنے کی درخواست دائر کردی،جس پر بیرسٹر سلمان صفدر نے کہاکہ میں اس درخواست پر اپنا جواب لکھوں گا،اس موقع پر بانی پی ٹی آئی کے وکیل سلمان اکرم راجہ بھی عدالت پیش ہوگئے اور عدت کے دورانیہ پرتفصیلی دلائل دیے،اس موقع پرخاور مانیکا کے وکیل کی جانب سے معاون وکیل نے التوا مانگ لیااور استدعا کی کہ 11 محرم تک سماعت ملتوی کی جائے ۔جج محمد افضل مجوکا نے کہاکہ آپ اپنے دلائل مکمل کریں میں اسلام آباد ہائی کو لکھوں گا پھر پرسوں سن لوں گا۔عدالت نے کیس کی سماعت میں وقفہ کردیاجس کے بعد پھر سماعت شروع ہونے پر جج محمد افضل مجوکا نے کہاکہ خاور مانیکا کے وکیل کی درخواست بارے میں ہائیکورٹ کو آگاہ کردیا ہے،ہائیکورٹ کی جو ڈائریکشن ہوگی اس کے مطابق دیکھیں گے ۔جج محمد افضل مجوکا نے کہاکہ میں اسلام آباد ہائی کورٹ کی حکم عدولی کا سوچ بھی نہیں سکتا،پی ٹی آئی وکیل نے کہاکہ یہ عدالت اسلام آباد ہائی کورٹ کے آرڈر کے خلاف اپیل نہیں سن سکتی شکائت کنندہ کو ریلیف چائیے تو اسلام آباد ہائی کورٹ جائیں۔جج محمد افضل مجوکا نے کہاکہ اگر ہائی کورٹ سے ڈائریکشن نہیں آتی تو پرسوں ہر صورت سنوں گا،پی ٹی آئی وکیل نے کہاکہ آپ اپنے شیڈول کے مطابق سماعت رکھیں،جج محمد افضل مجوکا نے کہاکہ منگل کو بابر اعوان صاحب کا ایک قتل کیس کا ٹرائل لگا ہے،بیرسٹر سلمان صفدر نے کہاکہ شکایت کنندہ کی جانب سے اسلام آباد ہائی کورٹ سے بھی التوا کے لیے رجوع کیا گیا،آج یہ کہہ رہے ہیں دس دنوں کے لیے عدالتیں بند کر دیں،جج محمد افضل مجوکا نے کہاکہ مجھے اگر اسلام آباد ہائی کورٹ کہے ابھی تین بجے فیصلہ کرنا ہے میں فیصلہ سناوں گا، میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے شیڈول کا پابند ہوں اس میں تبدیلی ہوئی ٹھیک ورنہ میں فیصلہ کروں گا،عدالت نے کیس کی سماعت آج منگل دن 11 بجے تک ملتوی کر دی۔
عدت نکاح کیس ‘ اسلام آبادہائیکورٹ کی حکم عدولی کاسوچ بھی نہیں سکتا‘جج
Jul 09, 2024