راولپنڈی ( نوائے وقت رپو رٹ ) موجودہ حکومت کی ناقص پالیسیوں نے عوام کا جینا محال کر دیا، بجلی ،گیس کے بلوں میں ظالمانہ ٹیکس نے غریب سے دو وقت کی روٹی کا نوالہ چھین تک لیاہے ،آئی ایم ایف سے قرض لینے کے چکر میں حکومت نے مختلف اقسام کے ٹیکسز لگا کر،تنخواہ دار ملازمین ، غریب اور سفید پوش گھرانوںکو زندہ درگور کرکے رکھ دیا ہے ۔ ان خیالات کا اظہارمرکزی انجمن تاجران راولپنڈی کے جوائنٹ سیکرٹری ملک عامر شہزادنے اپنے بیان کیا ۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں مہنگائی کی وجہ سے حکمرانوں پر تنقید کرنے والے اب خود عوام کو ریلیف دینے میں بری طرح ناکام ہوچکے، حکومت کو چاہیے کہ وہ عوام کو ریلیف دینے اور مختلف اقسام کے ٹیکسزکے نفاذ اور ٹیکسز میں بھاری اضافہ کا فیصلہ فوری واپس لیں۔انہوںنے کہا کہ غریب اور مزدور طبقہ کیلئے دو وقت کی روٹی کمانا دشوار ہو چکا ،بجلی اور گیس کے بھاری بلوں کی وجہ سے غریب لوگ خودکشیوں پر مجبور ہو چکے۔