راولپنڈی ( جنرل رپو رٹر ) سجادہ نشین اجمیر شریف حضرت خواجہ دیوان سید آل حبیب علیخاں نے کہا ہے کہ اللہ تعالی قرآنِ کریم میں حکم ارشاد فر ما رہا ہے کہ سب کے سب مل کر اللہ تعالی کی رسی کو مضبوطی سے تھامے رکھو اور آپس میں تفرقہ میں نہ پڑو۔ حضور نبی کریم ؐ کا فرمان مبارک ہے کہ تمام مسلمان جسمِ واحد کی مانند ہیں۔ مسلمانوں کے نئے ہجری سال کا آغاز ہو گیا ہے اور ماہِ محرم الحرام حرمت والا مہینہ ہے جس کی تعظیم و تکریم ہم سب پر فرض ہے۔وطنِ عزیز پاکستان جو ہمارا گھر اور ہماری چھت ہے وہ کسی بھی قسم کے نا مسائد حالات کا متحمل نہیں ہو سکتا ہے اور فرقہ واریت کو ہوا دینے والے عناصر کا دین اور وطن عزیز سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ اس ماہِ مبارک کے دوران وطنِ عزیز پاکستان میں امن و سلامتی کے قیام اور آپس میں باہمی اخوت و محبت اور بھائی چارے و یگانگت کو فروغ دینے کے لئے ہم سب کو مثبت کردار ادا کرنا چاہئے۔ ہر قسم کے انتشار اور تعصب کے خاتمے کے لئے ضروری ہے کہ تمام مقدسات کا مکمل ادب و احترام کیا جائے، اپنے مسلک کو نہ چھوڑیں اور دوسرے کے مسلک کو نہ چھیڑیں۔ اس ماہِ مبارک کا آغاز ہی یکم محرم الحرام کو خلیفہِ رسولؐ حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالی عنہ کی شہادت سے ہوتا ہے۔
ماہِ محرم کی تعظیم و تکریم ہم سب پر فرض ہے، خواجہ دیوان سید آل حبیب علیخاں
Jul 09, 2024