پاکستان میں لاقانونیت کی کیفیت ہے، آئین کی قدر نہیں کی جا رہی: فواد چوہدری

سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ اس وقت تلخیاں ختم کرنے اور بات چیت کرنے کی ضرورت ہے ، پاکستان میں بانی پی ٹی آئی کے بغیر سیاسی استحکام نہیں آسکتا۔لاہور میں انسداد دہشتگردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ تمام کیسز میں گفتگو یہی رہی کہ پولیس کے پاس کوئی ثبوت نہیں، ایک سال سے زیادہ عرصہ ہوگیا ضمانتیں چل رہی ہیں، پاکستان میں لاقانونیت کی کیفیت ہے، آئین کی قدر نہیں کی جا رہی، ججز کے خلاف مہم چلائی جاتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا سیاسی نظام فارم 47 پر کھڑا ہے، فارم 47 کی حکومت خود کو بچانے کیلئے ہر وہ کام کر رہی ہے جس سے آئین متاثر ہو رہا ہے، ریاستی ڈھانچہ اداروں پر کھڑا ہوتا ہے، ایک ایک کر کے تمام اداروں کو ملیا میٹ کیا جا رہا ہے۔سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان تباہ و برباد ہوگیا، ایف آئی اے، پولیس اور پراسیکیوشن تباہ و برباد ہوگئی، اب عدالتوں کے پیچھے پڑگئے ہیں، جب آپ تمام ادارے تباہ کر دیں گے تو ملک کیسے چلائیں گے، عام آدمی کو بجلی کے بلوں نے متاثر کیا ہے، اگر ادارے تباہ کر دیئے تو ملک کو کیسے پائوں پر کھڑا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ تنخواہ دار طبقے کو سمجھ نہیں آ رہی کہ زندگی کیسے گزارنی ہے، وزیر خزانہ ہالینڈ کے شہری ہیں، یہ پاکستان کے عوام کی کمر توڑ کر واپس جائیں گے، پاکستان میں سیاسی استحکام لانے کی ضرورت ہے، پاکستان میں بانی پی ٹی آئی کے بغیر سیاسی استحکام نہیں آسکتا۔فواد چوہدری نے کہا کہ چائنہ، سعودی عرب، امریکہ ، یورپی یونین اور پوری دنیا کہہ رہی ہے آپ استحکام لائیں، عدم استحکام تب ختم ہوگا جب آپ بانی پی ٹی آئی کو نظام میں لائیں گے، اس وقت تلخیاں ختم کرنے اور بات چیت کرنے کی ضرورت ہے، گرینڈ پولیٹیکل ڈائیلاگ ہی پاکستان کا مستقبل ہے، عدم استحکام پاکستان کیلئے خطرہ بن چکا ہے۔

ای پیپر دی نیشن