پیرو میں 22 سال قبل لاپتا ہونے والے امریکی کوہ پیما کی برف پگھلنے کے باعث جمی ہوئی لاش برآمد ہوئی ہے۔پیرو پولیس کے مطابق کورڈیلیرا بلانکا رینج پر برف پگھلنے سے ولیم اسٹامپفل نامی امریکی کوہ پیما کی لاش ملی۔ پولیس کی جانب سے جاری کی گئی تصاویر کے مطابق امریکی کوہ پیما کی لاش کے ساتھ ساتھ ان کے کپڑے اور جوتے بھی سرد موسم کی وجہ سے محفوظ تھے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق لاش کے پاس سے ولیم اسٹامپفل کا پاسپورٹ بھی ملا جس سے پولیس کو لاش شناخت کرنے میں مدد ملی۔ امریکی کوہ پیما 22 سال قبل پیرو میں برفانی چوٹی کو سر کرتے ہوئے لاپتا ہوگیا تھا جس کے بعد اب موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے برف پگھلنے سے اس کی لاش ملی۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ ولیم اسٹامپفل نامی کوہ پیما اور ان کی ٹیم جون 2002ء میں برفانی چوٹی کو سر کرتے ہوئے برفانی تودے کی زد میں آگئی تھی. جس کے بعد ان کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا تھا جو کہ ناکام رہا تھا۔رپورٹس میں مزید بتایا گیا کہ لاپتا ہونے والے امریکی کوہ پیما کی اس وقت عمر 59 سال تھی اور انہیں یہ حادثہ 22 ہزار فُٹ بلندی پر پیش آیا تھا۔