اونٹنی کی ٹانگ کاٹنے کے کیس میں ملزمان کی ضمانتیں منظور

سندھ کے شہر سانگھڑ میں اونٹنی کی ٹانگ کاٹنے کے کیس میں نامزد 6 ملزمان کی ضمانتیں منظور کر لی گئیں۔ایڈیشنل سیشن جج ون کی عدالت نے ضمانتیں منظور کیں اور ملزمان کو دو، دو لاکھ روپے کے مچلکے جمع کروانے پر رہائی ملی۔ اونٹنی کیس کی آئندہ سماعت 12 جولائی کو ہوگی۔اونٹنی کیس میں ضمانت پانے والے ملزمان میں دریا خان شر، جعفر جٹ، عابد شر، عبدالشکور شر، گل بیگ لاشاری اور رستم شر شامل ہیں۔

یاد رہے کہ عیدالاضحیٰ سے چند روز قبل سندھ کے شہر سانگھڑ میں افسوسناک واقعہ پیش آیا تھا جہاں سفاک ملزم نے اپنے کھیت میں گھسنے پر معصوم اونٹنی کی ٹانگ کاٹ کر الگ کر دی تھی۔واقعے کے خلاف شہریوں میں غم و غصہ پایا گیا اور اس میں ملوث ملزم کی ٹانگ کاٹنے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔ واقعے کے بعد اونٹنی کو کراچی منتقل کیا گیا تھا جہاں اس کا علاج جاری ہے۔

گزشتہ ماہ بائیونکس انجینئرنگ کمپنی کے وفد نے ڈاکٹرز کی ٹیم کے ہمراہ اینمل شیلٹر کا دورہ کیا تھا اور بتایا تھا کہ زخمی اونٹنی کی ٹانگ بائیوٹکس انجینئرنگ کمپنی پاکستان میں تیار کرے گی۔اس حوالے سے ڈاکٹر لحزب اللہ بھٹو نے اے آر وائی سے گفتگو میں کہا تھا کہ بائیونکس پاکستان مختلف انسانی اعضاء بھی تیار کرتی ہے، بائیونکس پاکستان کے نمائندوں نے شیلٹر ہوم کا سروے کیا ہے۔ڈاکٹر حزب اللہ بھٹو کا کہنا تھا کہ بائیوٹکس پاکستان نے اونٹنی کی ٹانگ کا ڈاکٹرز کی ٹیم کے ہمراہ چیک اپ کیا ہے، نمائندوں نے کہا کہ زخم ٹھیک نہ ہونے تک مصنوعی ٹانگ تیار نہیں ہوسکتی۔ڈاکٹر نے مزید کہا تھا کہ جیسے اونٹنی زخم ٹھیک ہوگا تو ٹانگ کی تیاری کا مرحلہ شروع ہوگا. اونٹنی کی ٹانگ بائیونکس پاکستان محکمہ لائیو اسٹاک کے اشتراک سے تیار کرے گی۔

ای پیپر دی نیشن