شہید کیپٹن محمد اسامہ بن ارشد کی نماز جنازہ ادا، وزیراعظم، آرمی چیف کی شرکت

راولپنڈی:  شمالی وزیرستان میں شہید ہونے والے کیپٹن محمد اسامہ بن ارشد شہید کی نماز جنازہ چکلالہ گیریژن میں ادا کر دی گئی۔کیپٹن محمد اسامہ بن ارشد شہید کی نماز جنازہ میں وزیراعظم شہباز شریف، وزیر دفاع، وزیر اطلاعات ، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، شہید کے لواحقین اور دیگر نے شرکت کی۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے دشمنوں کو متحد ہو کر مشترکہ حکمت عملی کے ذریعے مکمل شکست دی جائے گی، یہ قربانیاں پرامن اور خوشحال پاکستان کے لئے ہر قسم کی دہشت گردی کو شکست دینے کے ہمارے عزم کی عکاس ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ قوم ان غیر ملکی پشت پناہی کے حامل دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف پرعزم ہے اور پاکستان کے ان دشمنوں کو متحد ہو کر مشترکہ حکمت عملی کے ذریعے مکمل شکست دی جائے گی، شہید کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ ان کے آبائی شہر میں سپرد خاک کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں کیپٹن محمد اسامہ بن ارشد شہید ہوگئے جب کہ 2 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔

ای پیپر دی نیشن