نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی زیر صدارت قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس ہوا۔اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں پاکستان ریلویز کے ایم ایل ون کی اپ گریڈیشن کے دوبارہ ترمیم شدہ ڈیزائن کی منظوری دیدی گئی،منصوبے کے پہلے مرحلے کراچی تا ملتان تک 929 کلومیٹر کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائیگا۔ایکنک نے ’’فلڈ ریسپانس ایمرجنسی ہاؤسنگ پروجیکٹ فیز-1‘‘ منصوبے کی منظوری بھی دیدی،منصوبے کو ایشیائی ترقیاتی بینک سے قرض کے ذریعے فنڈ کیا جائے گا.منصوبے کا مقصد سندھ میں سیلاب سے متاثرہ ڈھائی لاکھ سے زائد مکانات کی تعمیر نو اور متاثرہ لوگوں کی مدد کرنا ہے۔ایکنک نے پانی کے شعبے کے چار منصوبوں کی بھی منظوری دیدی.ان منصوبوں میں حکومت پنجاب کا منصوبہ ’’ڈھوچہ ڈیم کی تعمیر کا نظر ثانی شدہ‘‘ منصوبہ بھی شامل ہے۔منصوبہ راولپنڈی میں پانی کی کمی کو پورا کرنے میں مدد دے گا۔گومل زام ملٹی پرپز پروجیکٹ، منگلا ڈیم پروجیکٹ اور گولین گول ہائیڈرو پاور پروجیکٹ بھی منظور شدہ منصوبوں میں شامل ہیں،فورم نے ’’انٹیگریٹڈ ٹرانزٹ ٹریڈ مینجمنٹ سسٹم کی ترقی‘‘ کی بھی منظوری دی۔منصوبے میں طورخم، چمن اور واہگہ میں جدید ترین سرحدی کراسنگ پوائنٹس کی تعمیر اور ترقی، لینڈ پورٹ اتھارٹی کا قیام، کنٹینرائزڈ کارگو کی ڈیجیٹل اینڈ ٹو اینڈ ٹریکنگ وغیرہ شامل ہیں۔ایکنک نے ’’کراچی نیبر ہڈ امپروومنٹ پراجیکٹ‘‘ کی منظوری دیدی،اس پر عمل درآمد کی مدت میں 31 دسمبر 2024 تک چھ ماہ کی توسیع کردی گئی،منصوبے کا مقصد کراچی میں سڑکوں، گلیوں، پارکوں، کھلی جگہوں اور عوامی عمارتوں جیسے عوامی مقامات کی رسائی، استعمال کو بڑھانا ہے۔ایکنک نے پاکستان افغانستان بارڈر بادینی پر بارڈر ٹرمینل کی تعمیر اور ضلع سیف اللہ میں مرغہ فقیر زئی سے خان ڈگر مین بادینی روڈ تک 40 کلومیٹر طویل سڑک کی اپ گریڈیشن کی بھی منظوری دی۔
ایکنک اجلاس: ایم ایل ون کی اپ گریڈیشن کے ترمیم شدہ ڈیزائن سمیت کئی اہم منصوبے منظور
Jul 09, 2024 | 23:57