عطاء آباد جھیل سے پانی کا اخراج چار ہزارآٹھ سوپچاس کیوسک سے بڑھ گیا، اقوام متحدہ کی امدادی ٹیمیں بھی متاثرہ علاقوں میں نقصان کا جائزہ لینے کےلئے پہنچ گئی ہیں۔

ہنزہ کی عطا آباد جھیل میں پانی کی آمد تین ہزار سات سو کیوسک اور اخراج چار ہزار آٹھ سو ساٹھ کیوسک کے قریب ہے۔ سپل وے کے ذریعے ہونے والے اخراج کے باعث جھیل میں پانی کی سطح میں کمی واقع ہوئی ہے۔ ادھر شیش کٹ، گلمت اور پسوکے نشیبی علاقوں میں سیلاب کے باعث جمع ہونے والا پانی اب مسلسل کم ہو رہا ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں کشتی سروس بحال ہے جبکہ ہیلی کاپٹر سروس دوپہر کے بعد بحال کردی جائیگی۔ دوسری جانب اقوام  متحدہ کی امدادی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں ہونے والے نقصانات کا جائزہ لینے کےلئے پہنچ گئی ہیں۔  گلگت اور وادی ہنزہ میں موسم ابر آلود ہے اوربارش کا امکان بھی ظاہر کیا جارہا ہے جس سے امدادی سرگرمیاں متاثرہو رہی ہیں۔ گلمت ، شیشکٹ اور پسو میں علاقے کے لوگوں نے انتظامیہ کے خلاف تعاون نہ کرنے پر شدید احتجاج کیا ہے ۔ واضح رہے کہ وادی ہنزہ کے علاقے عطا آباد میں رواں سال چار جنوری کو گلیشیئر کا پانی جمع ہونا شروع ہوا تھا جو بروقت توجہ نہ دینے سے ایک خطرناک جھیل کی شکل اختیارکر گیا۔ اس جھیل کی وجہ سے پچاس ہزار افراد متاثر ہوئے جبکہ شاہراہ قراقرم کا بھی ایک بڑا حصوہ تباہ ہوچکا ہے۔

ای پیپر دی نیشن