طوفانی بارشوں کے باعث صوبے کا ایک بڑا حصہ زیرآب آچکا ہے۔ مختلف علاقوں میں مٹی کے تودے گرنے سے کئی افراد لاپتہ ہیں ۔ سیلاب اور بارشوں کے باعث سینکڑوں مکانات اور عمارتیں تباہ جبکہ ہزاروں افراد بے گھر ہو چکے ہیں ۔ حکام نے مزید چھ افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے جبکہ کئی روز سے جاری بارشوں کے باعث اب تک ہونیوالی ہلاکتوں کی تعداد اسی سے تجاوز کرچکی ہے۔ سینکڑوں زخمیوں کو طبی مراکز پہنچایا گیا ہے ۔حکام کا کہنا ہے کہ سولہ افراد بدستور لاپتہ ہیں جن کی تلاش جاری ہے ۔ صوبے میں مٹی کے تودے گرنے اور سیلاب کے باعث اکثر شاہراہیں بند ہوگئی ہیں اور نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا ہے۔ ادھر محکمہ موسمیات کے مطابق آنیوالے دنوں میں مزید بارشوں کا امکان ہے ۔