لاہور (ایجنسیاں+ سپیشل رپورٹر) عمران خان سے وزیراعلیٰ خیبر کے پی پرویزخٹک، پارٹی صدر جاوید ہاشمی، وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی سمیت دیگر نے ملاقاتیں کیں۔ عمران خان اور پرویزخٹک کے درمیان ملاقات میں صوبے کی ترقی اور عوام کی فلاح وبہبود سمیت دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ جاوید ہاشمی نے پارٹی سربراہ کو قومی اسمبلی میں اپنی تقریر کے دوران نواز شریف سے متعلق خیالات پر وضاحت پیش کی۔ عمران اور جاوید ہاشمی کے درمیان سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ علاوہ ازیں عمران خان نے مطالبہ کیا ہے کہ ڈرون حملوں میں جاں بحق ہونے والوں کی شناخت ظاہر کی جائے۔ ڈرون حملوں کی مذمت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حملے ملکی خود مختاری اور سالمیت کے خلاف ہیں۔ تحریک انصاف وویمن ونگ کی سابق صدر فوزیہ قصوری نے عمران خان سے ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں فوزیہ قصوری نے اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔ عمران خان نے کہا کہ فوزیہ پارٹی کا سرمایہ ہیں، ان کی خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، امید ہے پارٹی میں واپس آجائیں گی۔ این این آئی کے مطابق فوزیہ قصوری سے ملاقات کے دوران عمران خان نے فوزیہ قصوری کی پارٹی کیلئے خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں کام جاری رکھنے کی ہدایت کی جس پر فوزیہ قصوری نے اپنا استعفیٰ واپس لینے کی یقین دہانی کرادی۔