لاہور (نیوزرپورٹر+ خبرنگار) وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت عوام کو صحت کی بہترین طبی سہولتوں کی فراہمی کے لئے ہیلتھ انشورنس کارڈ کا اجرا کر رہی ہے، ہمیں مل کر اس سکیم کو کامیاب اور ہیلتھ کیئر سسٹم کو بہتر بنانا ہے۔ تعلیم اور صحت کے شعبہ میں کسی قسم کی سیاسی مداخلت نہ پہلے برداشت کی اور نہ ہی آئندہ کریں گے۔ صحت کے شعبہ کی بہتری کے چیلنج کو قبول کرتے ہیں اور ہمیں اجتماعی کاوشوں سے طبی سہولیات کو بہتر سے بہتر بنانا ہے۔ ڈاکٹروں، نرسوں، پیرا میڈیکل سٹاف اور شعبہ طب سے وابستہ افراد نے سیلاب، زلزلہ اور ڈینگی کے دوران لائق تحسین خدمات سرانجام دیتے ہوئے قیمتی جانوں کو بچایا، اسی جذبہ کے ساتھ ہمیں خسرہ کیخلاف بھی لڑنا ہے اور قوم کے نونہالوں کو اس بیماری سے محفوظ بنانا ہے۔ خسرہ سے نمٹنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جارہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان کے 47 ویں کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ شہبازشریف نے کانووکیشن سے خطاب میں کہاکہ دنیا بھر سے پولیو کا خاتمہ ہو چکا ہے لیکن پاکستان، افغانستان اور نائجیریا تین ممالک ایسے ہیں جہاں ابھی تک پولیو پایا جاتا ہے جو افسوسناک اور لمحہ فکریہ ہے۔ انہوںنے کہاکہ ملک کو پولیو سے پاک کرنے کیلئے اجتماعی کاوش اور بصیرت کی ضرورت ہے۔ اگر ہم پاکستان کو پولیو سے پاک کرنے میں کامیاب نہیں ہوتے تو دنیا میں ہمارا تاثر اچھا نہ ہوگا اور عالمی ادارہ صحت، یونیسف اور دیگر بین الاقوامی ادارے جو وبائی امراض کے خاتمے کیلئے تعاون فراہم کرتے ہیں، وہ بھی ہم سے نالاں ہوں گے۔ پنجاب کے دوردراز علاقوں میں واقع سرکاری ہسپتال عوام کو مطلوبہ طبی سہولیات فراہم نہیں کر پا رہے۔ سرکاری ہسپتالوں میں صفائی کی صورتحال بھی ناقص ہے، ذمہ داروں کو اس پر توجہ دینی چاہئے۔ ڈاکٹرز سعودی عرب اور دیگر اسلامی ممالک میں جاکرکام ضرور کریں لیکن وہ اس بات کو بھی مدنظر رکھیں کہ 60 ارب ڈالر کی مقروض قوم بھی ان کی طرف دیکھ رہی ہے۔ جس قوم نے ڈاکٹروں کی تعلیم و تربیت پر اربوں روپے کی سرمایہ کاری کی ہے اب وہ ان سے توقع کرتی ہے کہ وہ انہیں بیماریوں سے محفوظ بنانے اور طبی سہولیات کی فراہمی میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہاکہ ڈاکٹرز بیرون ممالک ضرورجائیں اور اپنے خاندانوں کے لئے کمائیں لیکن ان پرپہلا حق پاکستانی قوم کا ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب نے میٹنگز کے دوران طویل اور غیرمتعلقہ پریزنٹیشنز پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا ہے اور ہدایات جاری کی ہیں کہ بریفنگز کو مختصر مگر جامع رکھا جائے۔ شہبازشریف نے بلوچستان کا بلامقابلہ وزیراعلیٰ منتخب ہونے پر عبدالمالک بلوچ کو مبارکباد دی ہے۔ وزیراعلیٰ نے اسلام آباد میں زیرعلاج بہن بھائی کی بیماری کا نوٹس لے لیا ہے اور سیکرٹری صحت کو ان کے علاج معالجے کیلئے ہدایات جاری کر دی ہیں۔ شہبازشریف نے تھانہ نواب ٹاﺅن میں خاتون پر تشدد کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے قائم مقام آئی جی سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ انہوں نے سابق صوبائی وزیر ملک احمد علی اولکھ کی خوشدامن، ہائیکورٹ کے سابق جج زاہد بخاری کی والدہ اور مسلم لیگ (ن) کی رہنما عظمیٰ بخاری کی دادی کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے۔
شہبازشریف
تعلیم اور صحت کے شعبوں میں سیاسی مداخلت برداشت کی نہ کرینگے : شہباز شریف
تعلیم اور صحت کے شعبوں میں سیاسی مداخلت برداشت کی نہ کرینگے : شہباز شریف
Jun 09, 2013