پنڈی بھٹیا ں+ جلالپور بھٹیاں + سرگودھا + حافظ آباد+ سیالکوٹ (نامہ نگاران + نمائندہ نوائے وقت) مختلف ٹریفک حادثات میں 8 افراد جاں بحق، 13 زخمی ہوگئے۔ پنڈی بھٹیاں سے نامہ نگار کے مطابق موٹر وے پر ٹریفک حادثے کے نتیجے میں کمسن بچی سمیت 4 افراد جاںبحق، 7 زخمی ہوگئے۔ کوسٹر نمبری LWK0286موٹروے پر لاہور سے چکوال جا رہی تھی ، سیال موڑ انٹر چینج کے قریب ڈرائیور کو اُونگھ آجانے کے باعث کو سٹر نے آگے جانیوالے ٹرک نمبری SGL234 کو پیچھے سے ٹکر مار دی ۔ حادثہ کوسٹر ڈرائیور کی غفلت کی وجہ سے پیش آیا ، حادثہ اتنا خوفناک تھا کہ ایک بچی سمیت 3 افراد موقع پر جاںبحق ہوگئے جبکہ 7افراد شدید زخمی ہوگئے۔ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی موٹروے پولیس موقع پر پہنچ گئی جنہوں نے بروقت کارروائی کرتے زخمیوں اور لاشوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال پنڈی بھٹیاں پہنچایا جہاں پر زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد دی گئی ۔ ٹی ایچ کیو ذرائع کے مطابق دو افراد کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے ۔ ہلاک ہونیوالوں میں سیما بی بی، مسرت شہزادی، حادیہ سرور جبکہ زخمیوں میں انیس اختر، رانی،عدیلہ اور وسیم سجاد شامل ہیں۔ حافظ آبا دمیں علاوہ ازیں سعودی پلٹ ذیشان اپنی بیوی عائشہ اور بیٹی شہزل کے ہمراہ موٹر سائیکل پر سوار ہو کر حافظ آباد سے گوجرانوالہ جا رہا تھا ڈہرانوالی کے قریب اُنکی موٹر سائیکل ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرا گئی جس کے نتیجہ میں ذیشان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا جبکہ اُسکی بیوی عائشہ اور بیٹی شہزل شدید زخمی ہو گئی۔تیسرا حادثہ مدہریانوالہ بائی پاس کے قریب پیش آیا جہاں تیز رفتار ٹرک نے پید ل چلنے والے 45 سالہ محمد جعفر کو کچل دیا جس سے وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ سیالکوٹ میں ائیرپورٹ سے آنے والا کیری ڈبہ تیزرفتاری کے باعث اگوکی میں سڑک کے وسط میں نصب آہنی جنگلے سے ٹکرا جانے سے دس سالہ بچے سمیت دو افراد جاں بحق جبکہ تین زخمی ہوگئے۔ گائوں پڑوپی آرائیاں کا35سالہ محمد سجاد سیالکوٹ انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر مسافر کو چھوڑکر کیری ڈبہ پر واپس آرہا تھا اگوکی قصبہ میں تیز رفتاری کی وجہ سے اس کا کیری ڈبہ سڑک کے درمیان میں لگے ہوئے آہنی جنگلے سے ٹکر اگیا کیری ڈبہ میں سوار دس سالہ عثمان حنیف اور ڈرائیور محمد سجاد سمیت چھ افراد زخمی ہوگئے جنہیں ہسپتال لایا گیا تاہم عثمان حنیف راستہ میں ہی دم توڑ گیا جبکہ زخمی محمد سجاد کو لاہور ریفرکردیا گیا جہاں وہ بھی زخموں کی تاب نہ لاکردم توڑ گیا۔
حادثات
پنڈی بھٹیاں، حافظ آباد اور سیالکوٹ میں ٹریفک حادثات، 8 افراد جاں بحق، 13 زخمی
Jun 09, 2014