نئی دہلی(این این آئی)بھارت میں شدید گرمی کے موسم میں بجلی کی ترسیل منقطع ہونے ہر ہزاروں لوگوں نے احتجاج کرتے ہوئے ایک سب سٹیشن کو آگ لگا دی ،میڈیارپورٹس کے مطابق اتوارکو بھارت کی کئی ریاستو ں اورشہروں میں درجہ حرارت 50ڈگری سینٹی گریڈ تک جاپہنچا۔لوڈشیڈنگ نے شہریوں کا جینا دوبھر کردیا،بجلی کی طلب میں گیارہ ہزار میگا واٹ کا اضافہ ہوگیا ہے جب کے ریاست کی بجلی کی پیداواری صلاحیت صرف آٹھ ہزار میگا واٹ ہے۔ پیداوار اور مانگ میں فرق کی وجہ سے بہت سے علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہے اور ان علاقوں میں پانی کی فراہمی بھی متاثر ہوئی ہے۔ریاست کے بجلی فراہم کرنے والے ادارے کے ایک اہل کار نندرا ناتھ ملک نے بتایا کہ لکھنو میں بجلی کی بندش اور گرمی سے پریشان لوگوں نے ایک سب سٹیشن پر ہلہ بول دیا۔ مشتعل افراد نے سب سٹیشن میں توڑ پھوڑ کی جس کے بعد اس کو نذر آتش کر دیا گیا۔ لکھنو سے ایک سو اسی کلو میٹر جنوب میں واقع گونڈا قصبے میں بھی لوگوں نے ایک سب سٹیشن کو آگ لگا دی۔
بھارت میں لوڈ شیڈنگ کیخلاف پرتشدد مظاہرے، گریڈسٹیشن نذر آتش
Jun 09, 2014