راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نمبر 1 کے جج رائے محمد ایوب مارتھ نے وزارت داخلہ کو ہدایت کی ہے کہ بینظیر بھٹو قتل کیس میں امریکی صحافی مارک سیگل کی نیویارک سے وڈیو لنک کے ذریعے شہادت ریکارڈ کرانے کے لئے انتظامات کے بارے میں باقاعدگی سے رپورٹ پیش کی جائے اور اس سلسلے میں وزارت داخلہ کے متعلقہ افسر خصوصی عدالت میں پیش ہوں۔ گذشتہ روز وزارت داخلہ کی ارسال کردہ رپورٹ میں ان کوششوں کا ذکر کیا گیا تھا۔ خصوصی عدالت کے جج نے مقدمے کی جیل ٹرائل کے دوران استغاثہ کے دو گواہوں عینی شاہد زخمیوں حاجی خالد اور ریاض کی شہادتیں قلمبند کیں اور وکیل صفائی ملک محمد رفیق کی جرح کے لئے سماعت کل 10 جون تک ملتوی کر دی۔