ہارون آباد + چیچہ وطنی + لاہور (نامہ نگاران + خصوصی رپورٹر) ٹریکٹر ٹرالی اور ویگن میں تصادم کے نتیجہ میں چیچہ وطنی کے رہائشی خاندان کے 6 افراد جاں بحق اور 14 شدید زخمی ہوگئے۔ تفصیل کے مطابق گائوں 46 بارہ ایل کے رہائشی محمد حنیف جٹ کی فیملی کے افراد اپنے کسی عزیز کی نماز جنازہ میں شرکت کیلئے علی الصبح فورٹ عباس جا رہے تھے چک 69 فور آر کے قریب مخالف سمت سے آنیوالی ٹریکٹر ٹرالی انکی ویگن سے ٹکرا گئی۔ حادثہ کے نتیجہ میں محمد حنیف جٹ اس کی بہو رضیہ بی بی، بھابھی سلمیٰ بی بی، ہمشیرہ فاطمہ، 10 سالہ صدام اور ڈرائیور عرفان سمیت 6 افراد موقع پر ہی جاں بحق جبکہ فقیر محمد، کشور بی بی، رضوان، سلامت بی بی، عبدالمجید، امداد حسین سمیت 14 افراد شدید زخمی ہو گئے۔ جنہیں ہسپتال داخل کرا دیا گیا جن میں سے دو کو تشویشناک حالت میں بہاولپور وکٹوریہ ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ حادثہ اس قدر شدید تھا کہ ویگن 2 ٹکڑوں میں بٹ گئی۔ مرنیوالوں کی نعشیں چیچہ وطنی منتقل کر دی گئیں۔ بعدازںتین میتیں گائوں 46/12-L میں دو افراد کی میتیں فورٹ عباس جبکہ ڈرائیور کی میت کو اس کے آبائی گائوں میں سپردخاک کر دیا گیا۔ نماز جنازہ میں علاقے کے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے اور لوگ دھاڑیں مار مار کر روتے رہے۔ وزیراعلی شہباز شریف نے ہارون آباد کے قریب ٹریفک حادثے میں ایک ہی خاندان کے 6 افراد کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلی نے ہدایت کی کہ زخمی افراد کو علاج معالجے کی بہترین طبی سہولتیں فراہم کی جائیں۔