کراچی ائرپورٹ پر حملہ القاعدہ اور طالبان کا مشترکہ منصوبہ تھا، ملا فضل اللہ سمیت دیگر نامزد دہشت گردوں کی گرفتاری نہیں ہو سکی

Jun 09, 2015

کراچی (نوائے وقت رپورٹ) کراچی ائرپورٹ حملہ کو ایک سال ہونے پر تحقیقات میں سنسنی خیز انکشافات ہوئے ہیں۔ تفتیشی حکام کے مطابق کراچی ائرپورٹ حملہ القاعدہ، تحریک طالبان پاکستان کا مشترکہ منصوبہ تھا۔ نجی ٹی وی کے مطابق کراچی ائرپورٹ حملے میں تین ٹیموں نے کام کیا۔ ایک ٹیم نے حملے کی منصوبہ بندی کی۔ تیسری ٹیم نے حملہ آوروں کو رہائش اور اسلحہ فراہم کیا۔ القاعدہ اور حملہ آوروں کے درمیان رابطہ کار کے فرائض ملک ممتاز نے انجام دئیے۔ علاوہ ازیں کرائم رپورٹر کے مطابق ائرپورٹ حملے کو ایک سال مکمل ہوگیا ہے پولیس نے حملے میں ملوث ازبک باشندوں کے معاونت کاروں کو گرفتار کرلیا لیکن مقدمے میں نامزد کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے سربراہ ملا فضل اللہ سمیت دیگر دہشت گردوں کی گرفتاری میں پیش رفت نہ ہو سکی۔

مزیدخبریں