سیالکوٹ میں 2، ساہیوال میں ایک مجرم کو آج پھانسی دی جائیگی

Jun 09, 2015

سیالکوٹ/ ساہیوال (نامہ نگار) سیالکوٹ میں خاتون سے اجتماعی زیادتی کے 2 مجرموں اور ساہیوال میں مقدمہ قتل کے ایک مجرم کو آج پھانسی دی جائے گی جبکہ قتل کے 2 مجرموں کو 13 جون کو تختہ دار پر لٹکایا جائے گا۔ تفصیل کے مطابق تھانہ بیگووالہ کے حدود مقدمہ کے دو مجرموں عابد مقصود اور ثناء اللہ کو آج صبح ساڑھے چار بجے ڈسٹرکٹ جیل سیالکوٹ میں پھانسی دی جائے گی۔ مجرموں نے 29 اگست 1997کو ایک خاتون سے اجتماعی زیادتی کی تھی۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سیالکوٹ شاہد رفیق نے تہرے مقدمہ قتل کے مجرم احسان اللہ کو 13جون کو پھانسی کیلئے بلیک وارنٹ جاری کر دیئے ہیں۔ استغاثہ کے مطابق تھانہ موترہ کے علاقہ کوٹ بھکراں میں 24 مارچ 1993کو دیرینہ دشمنی پر مجرم احسان اللہ نے فائرنگ کرکے 35 سالہ نور حسین، 14 سالہ طلعت اور 50 سالہ حمیدا بی بی کو قتل اور دو افراد کو زخمی کیا تھا۔ عدالت نے تھانہ سول لائن کے مقدمہ قتل کے مجرم محمد اجمل عرف نکا کو بھی 13جون کو پھانسی کیلئے بلیک وارنٹ جاری کئے ہیں۔ 12 مئی 1998کو مجرم محمد اجمل عرف نکا نے تھانہ سول لائن کے علاقہ کوٹلی بہرام میں فائرنگ کرکے محمد قیصر کو قتل کیا تھا۔ سنٹرل جیل ساہیوال میں مقدمہ قتل کے ایک مجرم کو آج تختہ دار پر لٹکایا جائے گا۔ لاہور کے رہائشی نواز عرف کاکا نے معمولی رنجش پر 24 ستمبر 1995ء کو فائرنگ کر کے زاہد محمود کو قتل کر دیا تھا۔

مزیدخبریں