اسلام آباد (این این آئی) وزیرمملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کو وفاقی حکومت پر تنقید کی بجائے سندھ حکومت کی کارکردگی پر توجہ دینی چاہیے ،ملکی سلامتی کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کو ایک ہی صفحے پر ہونا چاہیے، ملکی سلامتی کے امور پر مشاورت ہوتی رہتی ہے جو خوش آئند ہے۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ بیرون ملک علاج کے باوجود وزیراعظم محمد نواز شریف حکومتی معاملات دیکھ رہے ہیں۔ وزیر مملکت نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف دل کے آپریشن کے بعد تیزی سے صحت یاب ہو رہے ہیں اور بہت جلد قومی معاملات کو چلانے کیلئے اپنی ذمہ داریاں دوبارہ شروع کر دیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں عابد شیر علی نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کو وفاقی حکومت پر تنقید کی بجائے سندھ حکومت کی کارکردگی پر توجہ دینی چاہیے اور سندھ کے لوگوں کو پانی، سڑکیں اور دوسری بنیادی سہولتیں فراہم کرنی چاہیں۔