لاہور (نمائندہ سپورٹس+ سپورٹس رپورٹر)پنجاب یونیورسٹی کی سوئمنگ ٹیم کے کھلاڑی اور انسٹی ٹیوٹ آف ایڈمنسٹریٹو سائنسز کے طالبعلم سمیع اللہ نے انٹر یونیورسٹی سوئمنگ چیمپئن شپ 2015-16 میں 13 گولڈ میڈل حاصل کر کے نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔تیراک سمیع اللہ نے 19ایونٹس میں 3سلوراور 2برونز میڈلز بھی حاصل کئے اور بہترین تیراک کا اعزازاپنے نام کیا۔ پنجاب یونیورسٹی یہ چیمپئن شپ 278 پوائنٹس کے ساتھ جیتی تھی۔ اس سلسلے میں گزشتہ روز سمیع اللہ نے ایڈیشنل ڈائریکٹر سپورٹس محمود خالد چوہدری کے ہمراہ وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر مجاہد کامران سے ان کے آفس میں ملاقات کی ۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مجاہد کامران نے بہترین تیراک کا اعزاز اپنے نام کرنے اور 13گولڈ میڈل جیتنے پر سمیع اللہ کو مبارکباد پیش کی اور مستقبل میں مزید محنت اور لگن سے کام کرنے کی تلقین کی اور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔