ڈھاکہ(آئی این پی)بنگلہ دیش کے ٹاپ کرکٹر عرفات سنی نے ایک دھماکا خیز انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے خفیہ طور پر دوسری شادی کر رکھی ہے۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ وہی خاتون ہیں جن کی جانب سے عرفات سنی پر مقدمہ درج کروایا گیا تھا۔ اس مقدمے میں عرفات سنی پر الزام عائد کا گیا تھا کہ وہ اس خاتون کی نازیبا تصاویر کو سوشل میڈیا پر شیئر کر رہے ہیں۔ پولیس نے خاتون کی درخواست پر رواں سال جنوری میں عرفات سنی کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی تھی۔تاہم اس وقت یہ تہلکہ خیز خبر سامنے نہیں آ سکی تھی کہ درحقیقت دونوں شادی شدہ ہیں۔اس کے بعد عدالت نے رواں سال مارچ میں عرفات سنی کو ضمانت پر رہا کر دیا تھا، تاہم گزشتہ روز نسرین سلطانہ نامی اس خاتون کی جانب سے عدالت میں دوبارہ درخواست دائر کی گئی کہ عرفات سنی کی ضمانت کو مسترد کیا جائے۔ خاتون کے وکیل دلاور جہاں نے غیر ملکی خبر رساں ادارے سے گفتگو میں بتایا کہ ان کی موکلہ کی جانب سے یہ قدم اس لیے دوبارہ اٹھایا گیا ہے کیونکہ عرفات سنی نے وعدے کے مطابق نہ تو نسرین سلطانہ کو اخراجات ادا کیے اور نہ ہی ان کے ساتھ رہنے کا وعدہ نبھایا۔