لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے مارکیٹ میں ناقص گھی کی فروخت کے خلاف فوڈ اتھارٹی کی کارروائیوں کو روکنے کیلئے حکم امتناعی کی درخواست مسترد کر دی۔ عدالت نے کہا ہے کہ ناقص گھی کی فروخت کی اجازت نہیں دے سکتے۔ گھی بنانے والی کمپنیاں طے کردہ معیار برقرار رکھنے کی پابند ہیں۔ فوڈ اتھارٹی کے وکیل نے گھی ملوں سے حاصل کئے جانے والے نمونوں کی پی سی ایس آئی آر لیبارٹری کی رپورٹیں عدالت میں پیش کیں۔ انہوں نے بتایا کہ جن گھی کمپنیوں کے نمونوں کو تلف کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ ان میں نکل اور کاپر پر آکسائیڈ کی مقدار زیادہ پائی گئی ہے۔ وکلاءنے عدالت کو بتایا کہ فوڈ اتھارٹی پنجاب نے مارکیٹ میں فروخت ہونے والے گھی کے مختلف نمونے حاصل کرکے ناقص پائے جانے والے گھی کو مارکیٹ سے اٹھانے اور تلف کرنے کا حکم دے رکھا ہے۔ فوڈ اتھارٹی گھی کی مانیٹرنگ کرنے کا کوئی اختیار نہیں رکھتی جس پر عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہاکہ گھی کمپنیاں قانون کی چھتری کے نیچے چھپنے کی بجائے اپنے گھی کے معیار کو بہتر بنائیں۔ عدالتیں کسی صورت ناقص گھی کی فروخت کی اجازت نہیں دے سکتیں۔
ہائیکورٹ گھی