لاہور(خصوصی نامہ نگار+نوائے وقت رپورٹ) سکھ مذہب کے گورو ارجن دیو جی کے شہیدی دن (جوڑ میلہ) کی تقریبات میں شرکت کے لےے واہگہ بارڈر کے راستے 14سکھ یاتری پاکستان پہنچ گئے، تاہم شیڈول کے مطابق کوئی سکھ یاتری سمجھوتہ ایکسپریس کے ذریعے پاکستان نہیں آیا۔ 60سکھ یاتری گزشتہ روز سے اٹاری سٹیشن پر بیٹھے ہیں جہاں انہوں نے بھارتی حکام کیخلاف شدید احتجاج کیا۔ متروکہ وقف املاک بورڈ کے ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز طارق خان وزیر، ڈپٹی سیکرٹری عمران گوندل، پردھان سردار تارا سنگھ، عامر حسین ہاشمی اور سکھ رہنما نے انکا استقبال کیا۔ شیڈول کے مطابق یاتری گورودوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال روانہ ہوگئے۔ ایک روز قیام کے بعد کل 10جون کو سپیشل ٹرین کے ذریعے گورودوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں جائیں گے اور وہیں پر قیام کریںگے۔ 12جون کو گوردوارہ سچا سودا فاروق آباد کا دورہ کرکے واپس ننکانہ صاحب پہنچیں گے، 13جون کو بذریعہ سپیشل ٹرین گورد وارہ ڈیرہ صاحب لاہور پہنچیں گے جہاں پر 16جون کو صبح 8بجے مرکزی تقریب گوردوارہ ڈیرہ صاحب لاہور میں ادا کی جائے گی جہاں چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ صدیق الفاروق مہمان خصوصی ہوں گے۔ سکھ یاتری اپنی یاترا مکمل کر کے 17جون کو واہگہ ریلوے سٹیشن سے بھارت واپس چلے جائیں گے۔ اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے سکھ رہنماﺅں کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمارا دوسرا گھر ہے ہمیں یہاں آنے سے کوئی نہیں روک سکتا، ہم اپنے گورو کی دھرتی پر حاضری کےلئے آتے رہیں گے۔
سکھ یاتری
14 سکھ یاتری براستہ واہگہ بارڈر لاہور پہنچے‘ سمجھوتہ ایکسپریس خالی واپس آ گئی
Jun 09, 2017