کار سرکار میں مداخلت: جمشید دستی گرفتار، عوام راج پارٹی کا احتجاج، آئل ٹینکرز نے سپلائی بند کرنے کی دھمکی دیدی

Jun 09, 2017

شاہجمال (نامہ نگار) نہر زبردستی کھولنے پر جمشید دستی گرفتار کر لئے گئے، تھانہ چوک قریشی منتقل، اسمبلی اجلاس سے واپسی پر چوک اعظم کے مقام پر ضلع مظفر گڑھ کی حدود کے آ غاز پر پولیس چوکی رحمت آباد پر موجود مظفر گڑھ پولیس کی بھاری نفری نے چیئرمین عوامی راج پارٹی، ایم این اے جمشید احمد دستی کو حراست میں لیکر تھانہ چوک قریشی منتقل کر دیا ہے، پولیس ذرائع کے مطابق ہیڈ کالو کے مقام پر پندرہ یوم قبل انہوں نے ڈنگہ نالا زبردستی کھول کر کار سرکار میں مداخلت کی تھی جس پر مقدمہ درج اور وہ مظفر گڑھ پولیس کو مطلوب تھے اس موقع پر عوامی راج پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری رانا محبوب اختر اور سیکرٹری اطلاعات رانا امجد علی امجد اور دیگر عہدیداران ،ممبران نے کہا کہ وہ مظفر گڑھ کے غریب کسانوں اور مزدوروں کے حق کی آواز پوری قوت سے بلند کرتے رہیں گے چا ہے جتنی بڑی قیمت ہی کیوں نہ ادا کرنا پڑے۔پاکستان عوامی راج پارٹی کے سربراہ رکن قومی اسمبلی جمشید دستی کی گرفتاری کیخلاف آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن نے ملک بھر تیل کی سپلائی بند کرنے کی دھمکی دے دی۔ چیئرمین آل پاکستان آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن فیض اللہ آفریدی نے میڈیا کو جاری کیے گئے اپنے بیان میں کہا ہے کہ جمشید دستی کے خلاف انتقامی کارروائی کی جارہی ہے، اگر اگلے 24 گھنٹے میں جمشید دستی کو رہا ناکیا تو کراچی سے خیبر تک تیل کی سپلائی بند کر دیں گے۔

مزیدخبریں