سابق وفاقی وزیر شاہد بھٹو پی ٹی آئی چھوڑ کر پی پی سابق ایم پی اے مظفر شیخ مسلم لیگ ن میں شامل ظفراللہ جمالی بھی تحریک انصاف جوائن نہیں کریںگے

Jun 09, 2018

کراچی+ حافظ آباد + اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ نمائندہ نوائے وقت+ نامہ نگار+ این این آئی) سابق وفاقی وزیر شاہد بھٹو یوٹرن لے گئے۔ شاہد بھٹو دوبارہ پیپلزپارٹی میں شامل ہو گئے۔ شاہد بھٹو 20 روز قبل پی ٹی آئی میں شامل ہوئے تھے، شاہد بھٹو بے نظیر بھٹو شہید کے قریبی عزیز ہیں۔ نثار کھوڑو نے شاہد بھٹو کی واپسی پر خوش آمدید کہا۔ شاہد بھٹو نے کہا کہ پی ٹی آئی نے این اے 200 پر ٹکٹ دینے کا کہا تو انکار کر دیا۔ بلاول بھٹو کے مقابلے میں الیکشن نہیں لڑ سکتا۔ حافظ آباد سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق سابق رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر مظفر شیخ اپنے ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی چھوڑ کر مسلم لیگ (ن) میں شامل ہو گئے۔ اس بات کا اعلان انہوں نے سابق وفاقی وزیر سائرہ افضل تارڑ اور چیئرمین ضلع کونسل میاں افضل تارڑ کے ہمراہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ علاوہ ازیں سابق وزیراعظم میرظفراللہ جمالی پاکستان تحریک انصاف میں شامل نہیں ہورہے تاہم ان کے صاحبزادے اورجمالی خاندان کے چند دیگر افراد نے پی ٹی آئی میں شامل ہو نے کاعندیہ دے دیا۔پی ٹی آئی کے صوبائی صدرسرداریارمحمدرند نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ سابق وزیراعظم میرظفراللہ جمالی نے ان سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا تھا، سرداریارمحمدرندکاکہناہے کہ اگرسابق وزیراعظم پی ٹی آئی میں شامل ہوتے ہیں تو وہ انہیں خوش آمدید کہیں گے۔ دوسری جانب میر ظفر اللہ جمالی نے الیکشن میں حصہ لینے کے لیے کاغذات نامزدگی حاصل کرلیے ہیں۔
پارٹی جوائن

مزیدخبریں