اسلام آباد (آئی این پی ) پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا کہ صاف ستھرے کرہ ارض کے لئے شفاف سمندر ناگزیر ہیں، ہمارے سمندر بحری حیات کے لئے بے پایاں ماحولیاتی نظام کی آماجگاہ ہیں اور قدرتی وسائل کا ایک بہت بڑا ذخیرہ ہیں، پاک بحریہ اپنی آئندہ نسلوں کے لیے سمندروں کو آلودگی سے پاک رکھنے کی ہر ممکن کوشش جاری رکھے گی۔ جمعہ کو پاک بحریہ میں سمندروں کا عالمی دن منایا گیا اس دن کا مقصد سمندروں کی اہمیت کو اجاگر کرنا اور سمندری وسائل کے دیرپا استعمال سے متعلق آگہی پیدا کرنا ہے۔سمندروں کے عالمی دن کے موقع پر چیف آف دی نیول اسٹاف کا خصوصی پیغام جاری کیا گیا، پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے اپنے پیغام میں کہا کہ صاف ستھرے کرہ ارض کے لئے شفاف سمندر ناگزیر ہیں۔ زمین پر زندگی کو برقرار رکھنے میں بھی سمندر اہم کردار ادا کرتے ہیں۔چیف آف دی نیول اسٹاف نے کہا کہ ہمارے سمندر بحری حیات کے لئے بے پایاں ماحولیاتی نظام کی آماجگاہ ہیں اور قدرتی وسائل کا ایک بہت بڑا ذخیرہ ہیں۔ سمندروں اور ملکی بحری اقتصادیات کی بھر پور صلاحیتوں کے بارے میں عوام الناس کے فہم میں اضافہ کرنے کے لئے پاک بحریہ جامع میری ٹائم آگہی مہم پر عمل پیرا ہے۔ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا کہ پاک بحریہ اپنی آئندہ نسلوں کے لیے سمندروں کو آلودگی سے پاک رکھنے کی ہر ممکن کوشش جاری رکھے گی۔ ساتھ ہی انہوں نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ آئیے اس دن ہم اپنے عہد کی تجدید کریں کہ ہم ہر طرح بحری ماحول کی حفاظت اور بچا و کو و یقینی بنا ئیں گے۔