حضرت علیؓ نے ساری زندگی دین اسلام کیلئے وقف کررکھی تھی

Jun 09, 2018

راولپنڈی (نیوز ڈیسک) یوم شہادت حضرت علیؓ کے حوالے سے حکیم سرو سہارنپوری فاؤنڈیشن کے صدر حکیم سید محمد سہارنپوری اور پاسبان وطن کے صدر چوہدری خورشید انور نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ خلیفہ رسولؐ حضرت علیؓ نے ساری زندگی دین اسلام کیلئے وقف کررکھی تھی۔ حکیم سید محمد سہارنپوری نے مزید کہا کہ حضرت علیؓ کی زندگی اسلامی تاریخ کا روشن باب ہے۔ آپؓ علم و تقویٰ، بہادری و شجاعت کے پیکر تھے۔ حضرت علیؓ نے اپنے عمل سے غلام و آقا کے فرق کو مٹا دیا۔ داماد رسولؐ نے ساری زندگی محبت اور بھائی چارے کا درس دیا۔ حکیم سید محمد سہارنپوری نے مزید کہا کہ حضورؐ کی آغوش میں پرورش پانے والے حضرت علیؓ نے بچوں میں سب سے پہلے ایمان لاکر رہتی دنیا کیلئے نمونہ عمل بنے۔ حکیم سید محمد سہارنپوری نے مزید کہا کہ حضورؐ نے ہجرت مدینہ کے وقت بھی مشرکین کی امانتیں ان کو واپس کرنے کیلئے جسے منتخب کیا اور اپنے بستر پر جسے لٹایا وہ بھی حضرت علیؓ کی ذات ہے۔ حضرت علیؓ کے پورے خاندان نے جس طریقہ سے دین کی بقاء اور استحکام کیلئے کام کیا اس کی مثال رہتی دنیا تک قائم و دائم رہے گی۔ حکیم سید محمد سہارنپوری نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم آج کی نسل کو دین اسلام کے ان روشن ستاروں سے روشناس کروانے اور اپنی نسل کی تربیت کرتے ہوئے حضرت علیؓ کی سیرت و کردار کو مشعل راہ بنائیں۔ دین کی تبلیغ و اشاعت کیلئے بھی انہی خطوط پر کام کیا جائے اور ملک کی سلامتی و استحکام کیلئے بھی حضرت علیؓ کی سیرت کو اپنایا جائے۔ پاسبان وطن کے صدر چوہدری خورشید انور نے کہا کہ حضرت علیؓ کی بہادری اور شجاعت کے ناقابل تسخیر قلعہ کی مانند تھے۔ اور آپ کی بہادری اسلامی تاریخ کا روشن باب ہے۔

مزیدخبریں