اسلام آباد (جنرل رپورٹر)وفاقی دارالحکومت میں درزیوں نے ’’بکنگ بند ہے‘‘ کے بورڈآویزاں کر دیئے۔رمضان المبارک کے احتتام اور عید الفطر کے قریب آتے ہی درزیوں نے کپڑے سلائی کروانے کے لئے آنے والے گاہکوں کے لئے ’’ بکنگ بند ہے ‘‘ کے بورڈ لگا دیئے ہیںجس سے خاص طور پر مرد حضرات کو پریشانی کا سامنا کر نا پڑ رہا ہے،جبکہ دوسری طرف مردانہ اور لیڈیز سوٹ کی سلائی بھی تقریباً دو گناہ زیادہ لی جا رہی ہے اس کے باوجود گاہکوں کا اتنا رش ہے کہ درزیوں کو بکنگ بند ہے کہ بورڈ آویزاں کرنا پڑ رہے ہیں۔اور کام کی بھرمار کی وجہ سے درزیوں نے دیہاڑیوں پر بندے رکھ لئے ہیں اور درزیوں کی دکانیں چوبیس گھنٹے کے لئے تین مختلف شفٹوں میں کھلی رہیں گی تا کہ غیر معمولی کام کو جلد سے جلد نمٹا یا جائے ،جبکہ شہریوں کا کہنا ہے کہ درزیوں کے پاس اتنا بھی کام نہیں کہ یہ بکنگ بند کے بورڈ لگانے پر مجبور ہو جائے ان کا کہنا تھا کہ یہ صارف کو بلیک میل کرنے کا ایک طریقہ ہے تا کہ صارف اپنی مجبور ی کی وجہ سے دو گناہ پیسے دیتے وقت کسی ہچکچاہٹ کا شکار نہ ہو اور درزیوں سے کوئی پوچھے بھی نہ کہ زیادہ پیسے کیوں لے رہے ہو کیونکہ صارف اس وقت مجبور ہوتا ہے اور اپنی مرضی سے دوگنی قیمت ادا کرتا ہے جس سے درزی طبقہ کی آجکل چاندی ہوچکی ہے،اور آجکل بچوں کے شلوار قمیض سوٹ کی سلائی بھی ایک ہزار کے قریب ہے جبکہ مردانہ سوٹ تقریباًپندرہ سو کے قریب ہے،دارالحکومت کے بڑے تجارتی مراکز میں جو نامور درزی ہیں وہ تو سلائی کے اتنے پیسے لیتے ہیں کہ متوسط طبقہ اتنی قیمت ادا نہیں کر سکتا۔عید الفطر کی وجہ سے ایجنٹ سوٹ لینے والوں سے بھی درزی منہ مانگی قیمتیں وصول کر رہے ہیں اور کوئی پرسان حال نہیں ۔