پاک بحریہ کا کھلے سمندرمیں آپریشن، ایرانی کشتی کے عملے کے 11 افراد کو بچا لیا

 پاک بحریہ نے بحیرہ عرب میں میں ریسکیو آپریشن کرتے ہوئے ایرانی کشتی کے عملے کے 11 افراد کوڈوبنے سے بچا لیا،پاک بحریہ کے جہازپی این ایس نصراور02 سی کنگ ہیلی کاپٹرزنے ریسکیو آپریشن میں حصہ لیا ،الرحمانی نامی کشتی کے ڈوبنے سے عملے کے افرادشدید مشکلات کا شکارتھے۔ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پاک بحریہ کواطلاع ملی کہ کراچی سے 230 کلومیٹردورکھلے سمندر میں الرحمانی نامی ایرانی کشتی کے سمندرمیں ڈوبنے سے عملے کے گیارہ افراد شدید مشکلات کا شکارہیں۔ کشتی ڈوبنے کی اطلاع ملنے پرپاک بحریہ نے فورا ریسکیو آپریشن کا آغازکیا، ڈیڑھ گھنٹہ جاری رہنے والے ریسکیو آپریشن کے دوران کشتی کے عملے کو ریسکیوکرکے پاکستان نیوی ایئربیس کراچی پہنچایا گیا۔پاک بحریہ کے جہازپی این ایس نصراور02 سی کنگ ہیلی کاپٹرزنے ریسکیو آپریشن میں حصہ لیا اورنامساعد حالات کے باوجود ایرانی کشتی کے عملے کے 11 افراد کو ناصرف ڈوبنے سے بچا لیا بلکہ انہیں طبی امداد بھی فراہم کی۔ ایرانی کشتی کے عملے کووطن واپس بھیجنے کے لیے پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی کے حوالے کردیا گیا۔

ای پیپر دی نیشن