جسٹس گلزاراحمد نے قائم مقامچیف جسٹس کے عہدے کا حلف اٹھالیا

Jun 09, 2019

کراچی (وقائع نگار) جسٹس گلزار احمد نے قائم مقام چیف جسٹس کا حلف اٹھالیا ، جسٹس گلزار چیف جسٹس آصف کھوسہ کے بیرون ملک دورے کے دوران فرائض انجام دیں گے۔تفصیلات کے مطابق قائم مقام چیف جسٹس کی حلف برداری کی تقریب ہفتہ کو سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں منعقد ہوئی، جس میں سپریم کورٹ کے سینئرجج جسٹس گلزاراحمدنے قائم مقام چیف جسٹس آف پاکستان کا حلف اٹھالیا۔جسٹس مشیرعالم نے جسٹس گلزار سے ان کے عہدے کاحلف لیا، جسٹس گلزار چیف جسٹس آصف سعیدکھوسہ کے بیرون ملک واپسی تک قائم مقام چیف جسٹس کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔حلف برادری کی تقریب میں سپریم کورٹ کے جسٹس مقبول باقر، جسٹس منیب اختر ،جسٹس سجاد علی شاہ،سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس عقیل احمد عباسی، جسٹس فہیم احمد صدیقی ،جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس عبدالملک گدی ودیگر ججزبھی شریک ہوئے۔صدرسندھ ہائی کورٹ بار محمد عاقل،صدر کراچی بار نعیم قریشی،سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن، سندھ بار کونسل سمیت دیگر بارز کے وکلاورہنما بھی تقریب میں موجود تھے۔واضح رہے 18 جنوری 2019 کو جسٹس آصف سعید خان کھوسہ نے چیف جسٹس کا عہدہ سنبھالا تھا اور وہ اسی سال 20 دسمبر کو ریٹائر ہوجائیں گے۔ان کے بعد جسٹس گلزار احمد اس عہدہ پر فائز ہوں گے اور وہ یکم فروری 2022 تک چیف جسٹس کے عہدہ سے ریٹائر ہوجائیں گے۔

مزیدخبریں