لاہور(نمائندہ سپورٹس )انٹرنیشنل کرکٹ نے ورلڈ کپ 2019ء میں کمنٹیٹرز کو امپائرنگ کی غلطیوں پر تبصرے میں ہاتھ ہلکا رکھنے کا کہہ دیا۔آئی سی سی نے ورلڈ کپ کرکٹ 2019ء کے دوران کمنٹیٹرز سے غیر معمولی درخواست کی اور کہا کہ ایونٹ کے دوران امپائرز پر ہاتھ ہلکا رکھیں۔انگلینڈ میں جاری کرکٹ ورلڈ کپ میں امپائرنگ کی متعدد غلطیاں سامنے آئیں،جن پر کمنٹیٹرز نے شدید تنقید کی۔آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز کے میچ میں 4 ریویوز صحیح ثابت ہوئے، ویسٹ انڈیز نے 4 بار امپائرز کے فیصلوں کو غلط ثابت کیا،ورلڈ کپ میں امپائرنگ کے معیار پر کافی سوالات اٹھ گئے۔آئی سی سی نے براڈ کاسٹرز کو ای میل لکھ کر کمنٹیٹرز کو امپائرز پر تنقید سے گریز کرنے کا کہہ دیا۔آئی سی سی کی ای میل کے بعد بعض سابق کرکٹرز اور موجودہ کمنٹیٹرز نے آئی سی سی کی ہدایات پر اعتراض بھی کیا۔بعض کمنٹیٹرزنے آئی سی سی کی ڈکٹیشن پر اعتراض کیا تو اس پر آئی سی سی نے کمنٹری پینل میں شامل افراد کو ایک اور ای میل کی جس میں کہا گیا کہ جائز تنقید ضرور کریں لیکن اس پر بات چیت کو زیادہ طول نہ دیں۔مائیکل ہولڈنگ نے آسٹریلیا کے خلاف میچ میں امپائرنگ پر اعتراض اٹھایا تھا،میچ کے دوران مچل سٹارک کی بڑی نو بال امپائر نے نہیں دی۔