پاکپتن (نمائندہ نوائے وقت) بے ہودہ مذاق سے منع کرنے پر تین افراد نے نوجوان کو قتل کر دیا۔ ملزمان نے نعش نہر میں پھینک کر خودکشی کا ڈرامہ رچا دیا، ریسکیو نے ایک دن بعد نعش نہر سے نکال لی۔ تفصیلات کے مطابق نواحی گائوں 32 ایس پی کے رہائشی حاکم علی کے 20 سالہ بیٹے ظہیر الدین بابر کے ساتھ ملزم اسلم بے ہودہ مذاق کرتا تھا پر نوجوان نے ملزم کو منع کیا اور برا بھلا کہا۔ نوجوان ظہر الدین اپنے گھر سے جھگڑ کر نکلا تو ملزم اسلم اپنے ساتھیوں کے ہمراہ نوجوان پر حملہ آور ہوا اور اسے ڈنڈوں سوٹوں کے ساتھ وحشیانہ تشدد کر کے موت کی نیند سلا دیا۔ ملزمان نے نوجوان کی نعش کو قریبی نہر میں پھینک کر خودکشی کا ڈرامہ رچا دیا۔ ریسکیو اہلکاروں نے ایک دن بعد نوجوان کی نعش کو نہر سے نکال لیا۔ تھانہ ملکہ ہانس پولیس نے مقتول ظہیر الدین کے والد حاکم کی مدعیت میں تین افراد کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔
پاکپتن: بے ہودہ مذاق سے منع کرنے پر 3 افراد نے نوجوان کو قتل کر دیا
Jun 09, 2019