بیجنگ (صباح نیوز)چین کے ایک کسان نے لاکھوں ڈالر کی بی ایم ڈبلیو تو خرید لی لیکن اس میں گیس ڈلوانے کے لیے وہ مرغی چور بن گیا۔ چین کے صوبے سیچوان کی مقامی پولیس کو اپریل کے مہینے سے مقامی کسانوں کی جانب سے مرغیوں اور بطخوں کی چوری کی اطلاعات موصول ہورہی تھیں جس کے لیے پولیس چھان بین میں مصروف تھی کہ خلاف توقع شہر کا امیر ترین کسان ہی اس جرم کا مرتکب پایا گیا۔ دنیا کا مشہور ترین جملہ ہے کہ وقت بدلتے دیر نہیں لگتی ایسا ہی کچھ اس کسان کے ساتھ ہوا جسے بدترین مالی بحران سے دوچار ہونا پڑا۔ مالی بحران اس قدر سنگین تھا کہ وقت کے امیر ترین کسان کے پاس اپنی 2 لاکھ 90 ہزار ڈالر کی بی ایم ڈبلیو میں گیس بھروانے کے لیے بھی رقم نہ تھی اور ایسے میں گاڑی کی ضرورت پوری کرنے کے لیے اسے چوری کا سہارا لینا پڑا۔ پولیس نے محنت کرکے اس کسان کو گرفتار کر لیا لیکن اس دوران ملزم کے تعاقب میں پولیس کو کافی دشواری پیش آئی کیونکہ بھاگتے ہوئے مجرم کی گاڑی کی گرفتار عام گاڑیوں سے کہیں زیادہ تیز تھی۔ پولیس کے مطابق کسان نے دورانِ تفتیش اپنے جرم کا اعتراف بھی کرلیا ہے۔