مقبوضہ کشمیر: ایک اور نوجوان شہید بھارتی فوج کا مجاہدین کیخلاف بڑا آپریشن، گن شپ ہیلی کاپٹروں کا استعمال

Jun 09, 2019

سری نگر(کے پی آئی )جنوبی کشمیرکے ضلع اسلام آباد میں بھارتی فوج نے مجاہدین کے خلاف ایک بڑافوجی آپریشن شروع کردیا ہے،فوجی آپریشن میں گن شپ ہیلی کاپٹروں کا استعمال کی جارہا ہے اس دوران کریک ڈاو ن کے دورا ن علاقے میں بھارتی فورسزکے ہاتھوں ایک اور نوجوان کشمیری شہید ہوگیا ۔ جنوبی کشمیر کے اکثر علاقوں میں پانچ نوجوانوں کی شہادت پر ہفتہ کو ہڑتا ل رہی اور مظاہرے کئے ، مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے پیلٹ گنز اور آنسو گیس کا بے دریغ استعمال کیا گیا جس سے متعدد افراد زخمی ہوگئے ۔ تفصیلات کے مطابق جنوبی کشمیر میں ضلع اسلا م آباد( اننت ناگ) کے ویری ناگ علاقے میں بھارتی فورسزنے ایک بارپھرآپریشن کی آڑمیں نوجوان کشمیری اقبال احمدکو شہید کردیا۔ شہادت کے باوجود ضلع میں بھارتی فوج کا نام نہاد فوجی آپریشن تاحال جاری ہے آپریشن کے دورا ن فوج نے مجاہدین کی تلاش کے لئے گن شپ ہیلی کاپٹروں کا بھی استعمال شروع کردیا ہے ،بھارتی فوج نے دعوی کیا ہے کہ اقبال احمد مقامی مجاہد تھا ہفتہ کو فورسز کے ساتھ مختصر فائرنگ کے تبادلے میں ماراگیا، حکام کے مطابق اقبال احمد نامی یہ مجاہد نوپورہ ،ڈورو کا رہنے والا تھا۔اس سے قبل فورسز نے مجاہدین کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع کے بعدنوگام گائوں کا محاصرہ کیا اور تلاشی شروع کی۔ علاقے میں فورسز کا تلاشی آپریشن جاری ہے۔اس دوران ضلع اننت ناگ میں حکام نے موبائل اور انٹرنیٹ سروس معطل کردی ،شہری کی شہادت کی خبر سنتے ہی لوگ گھروں سے باہر آئے اور احتجاجی مظاہرے شروع کردئیے جبکہ علاقے میں مکمل ہڑتا ل رہی اس دوران کئی مقامات پر فوج اور مظاہرین کے درمیان جھڑپوں کی بھی اطلاعات ملیں۔پلوامہ میں بھی چارنوجوانوں کی شہادت پر ہڑتال رہی اورمظاہرے کئے گئے۔ وادی کے دیگر مقامات پر بھی بھارتی فوج کی بڑھتی ہوئی ریاستی دہشت گردی کے خلاف مظاہرے کئے گئے۔گزشتہ روزبھی بھارتی فوج نے ریاستی دہشت گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 نوجوانوں کو شہید کردیا تھا ۔ ہزاروں لوگوں نے ان کی نماز جنازہ میں شرکت کرکے انہیں پرنم آنکھوں سے سپرد لحد کیا جس دوران فضا اسلام و آزادی کے فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھی۔ نیشنل کانفرنس کے لیڈر اور پارلیمنٹ ممبر جسٹس(ر)حسنین مسودی نے مرکزی وزارت داخلہ کی طرف سے جموں کشمیر میں قبل از وقت اور اسمبلی انتخابات سے قبل حد بندی کرنے کی رپورٹوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔مسعودی نے اپنے بیان میں اس مشق کو بغیر قانونی جواز اور آئین کی خلاف ورزی سے تعبیر کیا ہے۔ جموں میں عسکریت پسندوں سے متعلق نیٹ ورک کو از سرنو شروع ہونے سے پہلے ہی ناکام بنانے کا دعوی کرتے ہوئے پولیس نے مشن پر مامور 6افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔ پولیس کے بقول گرفتار نوجوان حزب المجاہدین کی قیادت کے رابطے میں تھے اور یہاں جاسوسی کرنے پر مامور تھے۔ پولیس نے دعوی کیا ہے کہ گرفتارکئے گئے نوجوانوں کی تحویل سے اہم اور حساس مقامات کی تصاویر اور ویڈیوز برآمد کی گئیں۔بھارت کے قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈووال نے نئی دہلی میں ریاستی انتظامیہ کے اعلی افسروں اور سیکورٹی ایجنسیوں کے اعلی حکام کیساتھ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے اسمبلی انتخابات کے انعقاد اور سالانہ امرناتھ یاترا کے حوالے سے اٹھائے گئے سیکورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ بھارتی وزیر داخلہ امت شاہ مقبوضہ کشمیر کی زمینی صورتحال اور سالانہ امر ناتھ یاترا سے متعلق امور کا مرحلہ وار جائزہ لینے کی خاطراگلے ہفتے ریاست کا خصوصی دورہ کریں گے۔

مزیدخبریں