کراچی(آئی این پی) ڈی جی اے ایس ایف میجرجنرل ظفر الحق نے کہا ہے کہ اے ایس ایف ایک ناقابل تسخیر فورس ہے۔ہفتہ کو کراچی ایئرپورٹ حملے میں شہید اے ایس ایف افسران وجوانوں کے یوم شہادت کے موقع پر اے ایس ایف ہیڈ کوارٹرزسمیت ایئرپورٹس پرشہدا کے درجات کی بلندی کی دعا کی گئی، ڈی جی اے ایس ایف نے شہدا کے درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی کی اوریادگار شہدا پر پھول چڑھائے۔ڈی جی اے ایس ایف میجرجنرل ظفر الحق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن اے ایس ایف کے لیے فخر کا دن ہے، شہدا،غازیوں کے کارنامے تاریخ کا حصہ بن گئے۔ اے ایس ایف کے جوانوں نے جانوں کے نذرانے پیش کیے، جانوں کا نذرانہ دے کر دشمنوں کو سبق دیا ہم گھبرانے والے نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک کوقائم ودائم رکھنے کے لیے سر دھڑ کی بازی لگا دیں گے۔ اے ایس ایف اس ملک کے تحفظ کے لیے ہر دم تیار ہے۔ اے ایس ایف ایک ناقابل تسخیر فورس ہے۔ڈی جی اے ایس ایف نے کہا کہ ایئر پورٹس پرسرویلنس نظام کو بہتر اورجدید بنایا گیا ہے۔ ہمارے ایئرپورٹ مکمل محفوظ ہیں۔یاد رہے کہ 8 جون 2014 کوکراچی ایئرپورٹ حملے میں اے ایس ایف کے 11 افسران وجوان شہید ہوئے تھے۔