خرکمرمیں دہشتگردی،خواتین سیاسی رہنماؤں کی شدید مذمت

Jun 09, 2019

لاہور(لیڈی رپورٹر) خواتین سیاسی رہنماؤںکی شمالی وزیرستان کے علاقہ خرکمرمیںدہشتگردوں کی طرف سے بارودی سرنگ کے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جام شہادت نوش کرنے والے افسران اور جوان ہمارے ہیروز ہیں، دشمن کی بزدلانہ کارروائیاں ہمارے حوصلے متزلزل نہیں کرسکتیں، پوری قوم کو پاک فو ج پر فخر ہے۔ گزشتہ روز نوائے وقت سے گفتگو میںتحریک انصاف کی ارکان پنجاب اسمبلی شمسہ علی اور سمیرا عابد نے کہاکہ پاک فو ج کے عزم و استقلال کو سلام ، انہی سپوتوں کی وجہ سے دہشتگرد اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہوسکتے، شہادت کا درجہ پانے والوں نے اپنی قیمتی جانوں کے نذرانے پیش کئے جو رائیگاں نہیں جائیں گے۔ مسلم لیگ ن کی ارکان پنجاب اسمبلی بشریٰ بٹ اور راحیلہ خادم حسین نے کہاکہ شہادت پانے والے تو اعلیٰ مقام کو پہنچ گئے مگر دہشتگرد کبھی نہیں بچ سکیں گے، دہشتگردی کی تمام اقسام کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے گا۔ پیپلز پارٹی کی بیلم حسنین اور نجمی سلیم نے کہاکہ دہشتگرد جلد اپنے انجام کو پہنچیں گے، جام شہادت نوش کرنے والے لیفٹیننٹ کرنل رشید کریم بیگ، میجر معیز، کیپٹن عارف اللہ اور لانس حوالدار ظہیرقوم کے ہیرو ہیں۔

مزیدخبریں