اسلام آباد( وائس آف ایشیا)وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور نے شمالی وزیرستان میں فوجی گاڑی پر دہشت گرد حملے کے نتیجے میں فوجی افسران اور جوان کی شہادت پر گہرے دکھ و رنج کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج اور سکیورٹی ادارے پاکستان کی سرزمین کو دہشت گردوں اور شرپسندوں سے پاک کرنے کے لیے لازوال قربانیاں پیش کر رہے ہیں جس کو جتنا بھی سلام پیش کیا جائے وہ کم ہے ، انہوں نے کہا کہ ہماری بہادر افواج نے اپنی جانوں کا قمیتی نظرانہ پیش کر کے ملک کے طول و عرض میں امن قائم کیا ہے اور آج پاکستان کا کوئی قصبہ اور گاوٗں ایسا نہیں ہے جس کے بہادر سپوت نے اس ملک کے دفاع اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اپنی جان کی قربانی پیش نہ کی ہو۔انہوں نے کہا کہ آج جب ملک میں امن کے باعث پاکستان پر غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہونے کو جا رہا ہے تو ایسے میں پاکستان کے دشمن پاکستان کے خلاف نئی سازشوں کو جنم دینے کی کوشش کر رہے ہیں ، انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کے عوام ، سیاسی قیادت اور سکیورٹی ادارے امن کے اس قمیتی حاصل شدہ سرمایے کو کسی صورت میں ضائع نہیں ہونے دیں گے اور پوری پاکستانی قو م پا کستان کے خلاف اندرونی و بیرونی سازشوں کو ناکام بنا دے گی ، انہوں نے کہا کہ آج خنجراب تا گوادر پاکستان کا بچہ بچہ ملک کی حفاظت کی خاطر اپنے سکیورٹی اداروں کے ساتھ کھڑا ہے اور دشمن کی جانب سے پاکستان میں امن کی فضا کو خراب کرنے کی ہر قسم کی سازش کو ہر قمیت پر ناکام بنایا جائے گا۔
وفاقی وزیر امور کشمیر کاشمالی وزیرستان میں فوجی گاڑی پر دہشت گرد حملے پرگہرے دکھ و رنج کا اظہار
Jun 09, 2019