کوئٹہ ( آن لائن )ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین، پارلیمانی لیڈر و مشیر برائے کھیل و ثقافت ، سیاحت اور امور نوجوانان اور اثار قدیمہ عبدالخالق ہزارہ ، پارٹی کے جنرل سیکرٹری احمد علی کوہزاد، ڈپٹی پارلیمانی لیڈر قادر علی نائل اوردیگر رہنمائوں نے کہا ہے کہ عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرکے ثابت کرینگے کہ اگر خلوص نیت ، نیک نیتی اور ایمانداری کے ساتھ عوام کی خدمت کی جائے تو کوئی مشکل اور رکاوٹ راستے کی دیوار نہیں بن سکتی، ہم عز م و ہمت کے ساتھ اپنے وعدوں پر قائم ہیں او ر سمجھتے ہیں کہ بلوچستان جیسے صوبے کو اس سے قبل بڑی بے دردی کیساتھ لوٹا ، یہاں سے منتخب ہونے والوں نمائندوں نے صرف اپنی باریاں گزاری ہیں حقیقی معنوں میں صوبے سے غربت ، پسماندگی او ر بیروزگاری کے خاتمے کیلئے کسی نے کوئی کام نہیں کیا ۔ ان خیالات کا اظہار پارٹی رہنمائوں نے عید کے موقع پر ملنے کیلئے آنے والے کارکنوں، حمایتیوں ، معززین او رمختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی ایک بہت بڑی تعداد اپنی تعلیمی اسناد ہاتھوں میں لئے روزگار کے حصول کیلئے در در کی ٹھوکریں کھا رہی ہیںانہیں روزگار دینے کیلئے سابقہ ادوار میں کوئی کام نہیں کیا گیا صرف اپنے منظور نظر افراد کو اقربا پروری ، سفارش اور سیاسی بنیادوں پر بھرتی کیا گیا کسی مستحق اور قابل نوجوان کو اہلیت اور قابلیت کی بنیاد پر روزگار فراہم نہیں کیا گیا، کسی نے اس صوبے کی پسماندگی ، غربت اور بیروزگاری پر ترس کھاکرنوجوانوں اور صوبے کیلئے اپنا کردار ادا نہیں کیا یہی وجہ ہے کہ قدرت کی طرف سے عنایت کردہ بے تحاشاوسائل کے مالک ہوتے ہوئے بھی ہم غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ ہمارے پاس صنعت نہ ہونے کے برابر ہے ملک کے 48 فیصد رقبے کے مالک ہوتے ہوئے زرعی زمینیں بنجر اور ویران ہیں، پانی کی کمی کے باعث سونے جیسی زمین سے ہماری آمدنی نہ ہونے کے برابر ہے۔ بارشوں کی کمی اور خشک سالی کی وجہ سے باغات اجڑ گئے ہیں ، کوئٹہ شہر کے اطراف کے باغات کو ختم کرکے یہاـں رہائشی سکیمیں بنائی گئی جبکہ متبادل کے طور پر کسی جگہ درخت لگے اور نہ ہی سرسبز و شادابی کی طرف توجہ دی گئی۔ آج کچھ لوگ چیخ رہے ہیں کہ صوبائی حکومت کچھ نہیںکر رہی ، ہم انہیں بتا دینا چاہتے ہیں کہ آپ نے جو خرابیاں پھیلا رکھی تھی ہمیں پہلے اسے درست کرنے دیں پھر آپ دیکھیں گے کہ صوبائی حکومت کیا کچھ کرتی ہیں اور جو کچھ کرینگے اسکے بعد کسی کیلئے عوام کو دھوکا دینے اور انکے ساتھ جھوٹے وعدے کرنے کا امکان بھی نہیں بچے گا، پارٹی رہنمائوں نے کہا کہ ہزارہ قوم کو جس طرح قتل عام اور نسل کشی کا نشانہ بنایا گیا اسی طرح ہمارے نوجوانوں کو سرکاری اداروں اور روزگار کے معاملے میں بھی بدترین استحصال کا شکار کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ کارکنوں کو نظم و ضبط کیساتھ پارٹی پروگراموں پر عملدآمد کو یقینی بنا نے کو تاکید کرتے ہوئے کہا کہ کارکن 22 جون کے پروگرام کے حوالے سے تیاریاں شروع کر یں اور ایک بہترین ثقافتی پروگرام منعقد کرکے اسے یادگار بنائیں۔