امیت شاہ کی بڑھک کے جواب میں راہول گاندھی کا ٹویٹ

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ کی بڑھک کے جواب میں راہول گاندھی کی جانب سے کئے گئے ٹویٹ پر بھارت میں ہنگامہ برپا ہے۔ گذشتہ روز امت شاہ سے سوال کیا گیا کہ بھارتی سرحدوں پر انڈین آرمی کیلئے ہزیمت کی کیا وجہ ہے؟ اس کے جواب میں بھارتی وزیر داخلہ نے بڑھک مارتے کہا کہ دنیا میں امریکہ اور اسرائیل کے بعد اگر کوئی ملک اپنی سرحدوں کی حفاظت کر سکتا ہے تو وہ بھارت ہے۔ اس کے جواب میں کانگرس کے نائب صدر راہل گاندھی نے ٹویٹ میں مرزا غالب کے شعر میں ترمیم کرتے لکھا کہ ’’سب کو معلوم ہے سیما (سرحد) کی حقیقت لیکن - دل کے خوش رکھنے کو شاید یہ خیال اچھا ہے‘‘۔ ان کے اس ٹویٹ پر جنونی ہندو رہنما اور بھارتی فوج سے تعلق رکھنے والے حلقوں نے آسمان سر پر اٹھا لیا اور انھیں غدار کے لقب سے نوازا جانے لگا ہے۔ علاوہ ازیں مجلس اتحاد المسلمین کے سربراہ اسد الدین اویسی نے نریندر مودی سے مطالبہ کیا ہے کہ بھارتی عوام کو سچ بتایا جائے کہ چین نے لداخ میں بھارت کے کس قدر رقبے پر قبضہ کر رکھا ہے اور بھارت اور چینی حکام کے درمیان مذاکرات کے بعد صورتحال کیا رخ اختیار کر رہی ہے۔ اویسی نے کہا کہ مودی سرکار کو عوام کو بتانا ہو گا کہ بھارت کو اس قدر ہزیمت کیوں اٹھانا پڑی۔

ای پیپر دی نیشن