حیدرآباد ٹول پلازہ پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں، منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے

حیدرآباد (بیورورپورٹ) حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے صدر دولت رام لوہانہ نے کہا ہے کہ 9-M موٹروے پر کراچی اور حیدرآباد کے ٹول پلازوں پر ٹول ٹیکس کی وصولی کے لئے تعینات عملے کی ناقص کارکردگی اور تمام ٹول ٹیکس کائونٹرز نہ کھولنے کی وجہ سے گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ جاتی ہیں جس کے سبب بزنس کمیونٹی، عوام اور بیمار لوگوں کو گھنٹوں کھڑا رہنا پڑتا ہے، لوگوں کے وقت کا زیاں اور کوفت کا باعث ہے۔ لوگوں کو گھنٹوں انتظار سے میٹنگوں میں تاخیر ہو جاتی ہے اور ڈاکٹر صاحبان کا وقت ختم ہونے کی وجہ سے مریضوں کو واپس لوٹنا پڑتا ہے۔ بعض مریض سیریس قسم کے ہوتے ہیں۔ جبکہ تاجروں کے آنے والے مال کو پہنچنے میں تاخیر ہوتی ہے جس سے مانگ اور سپلائی میں توازن برقرار نہیں رہ پاتا۔ لاک ڈاؤن کی وجہ سے تاجر برادری کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ انہوں نے وزیراعظم پاکستان عمران خان، وفاقی وزیر کمیونیکیشن مراد سعید، چیئرمین نیشنل ہائی ویز اتھارٹی کیپٹن ریٹائرڈ سکندر قیوم اور انسپکٹر جنرل موٹرے پولیس ڈاکٹر سید کلیم امام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس صورت حال کا فوری نوٹس لیتے ہوئے عوام اور بزنس کمیونٹی کو اس کربناک اور مشکل صورتحال سے نکالیں اور ٹول ٹیکس وصولی کے تمام کائونٹرز کھلے رکھنے کے احکام جاری کریں۔

ای پیپر دی نیشن