لاہور (نیوز رپورٹر) شہباز شریف کا ایک اورکرونا ٹیسٹ منفی آ گیا ہے۔ شہباز شریف نے3 جون کو پیشی کے بعد ایک اور ٹیسٹ کا فیصلہ کیا تھا، سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کرونا ٹیسٹ مثبت آنے پر شہبازشریف نے ان کی صحت یابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ شہباز شریف تین جون کو لاہور ہائیکورٹ ضمانت کے سلسلے میں ہجوم میں پیش ہوئے تھے جس کے بعد انہوں نے دوبارہ کرونا ٹیسٹ کروایا تھا۔ شہباز شریف نے کہا ہے کہ شاہد خاقان عباسی پارٹی کا اثاثہ ہیں، اللہ تعالیٰ انہیں صحت کاملہ عطا کرے۔ کرونا سے متاثرین کی بڑھتی تعداد نے خوفناک شکل اختیارکر لی ہے۔ شہباز شریف کا ملک میں پٹرولیم کی قلت اور عوام کو درپیش شدید مشکلات کی شدید مزمت کرتے ہوئے کہا کہ پٹرول کا بحران حکومتی نظام کے مفلوج ہونے کی نشانی ہے۔ پٹرولیم کے شعبے کے ساتھ ڈالر، معیشت اور گیس کے شعبے والی سنگین غلطی دہرائی جا رہی ہے۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تاریخی کمی کے باوجود حکومت عوام کو ریلیف نہیں دے سکی اورعوام حیران ہے کہ دنیا میں تیل کی قیمتیں منفی میں جا چکی ہیں لیکن پاکستان میں تیل نایاب ہو چکا ہے۔ کرونا کے سبب ایک دوسرے سے فاصلے پر رہنے کی ضرورت کے دوران پٹرول کی قلت نے ہر جگہ عوام کے ہجوم لگا دئیے ہیں جبکہ حکومت کی بدانتظامی اور نااہلی کا طوطی سر چڑھ کر بول رہا ہے۔ وزیراعظم پرائیویٹ کمپنیوں کو تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کو دینے کی تلقین کر رہے ہیں لیکن خود اس پر عمل نہیں کر رہے، تیل کی قیمتوں میں تاریخی کمی کا فائدہ بجلی کی قیمتوں میں کمی کر کے عوام کو منتقل کیوں نہیں کیا گیا، جبکہ تیل کی قیمتوں میں تاریخی کمی کا فائدہ گیس کی قیمتوں میں کمی کر کے عوام کو منتقل کیوں نہیں کیا گیا اور پٹرول کی قلت سے ٹڈی دل کے خلاف کارروائیوں پر منفی اثر پڑے گا، پہلے سے درپیش مسائل مزید سنگین ہونے کا خطرہ ہے۔ واضح رہے کہ مبینہ منی لانڈرنگ اور اثاثہ جات کیس، شہباز شریف کی آج نیب میں طلبی ہے، نیب میں انتظامات مکمل، کمبائنڈ انویسٹی گیشن ٹیم کو سماجی فاصلہ کا خیال رکھنے کی ہدایات کر دی گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کی پیشی کے موقع پر کارکنوں کی بڑی تعداد نیب کے آفس کے باہر جمع ہو گی۔ جس کیلئے مقامی انتظامیہ اور پولیس نے انتظامات مکمل کر لئے ہیں۔ کرونا وباء کے پیش نظر تحقیقاتی ٹیم اور شہباز شریف کے درمیان ٹیبل پر گلاس وال تنصیب کی گئی ہے۔ تمام انٹرویو رومز کو باقاعدگی سے جراثیم کش سپرے سے صاف کر دیا گیا۔
آج نیب پیشی ، پٹرول بحران حکومتی نظام کے مفلوج ہونے کی نشانی: شہباز شریف
Jun 09, 2020