عوامی خدمت کا مشن پورا کرینگے، عثمان بزدار: اتحاد مضبوط ہوا، پرویز الٰہی

Jun 09, 2020

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے ملاقات کی۔ رکن قومی اسمبلی مونس الٰہی بھی موجود تھے۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال، کرونا صورتحال اور فلاح عامہ کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پنجاب اسمبلی کے جاری اجلاس پر بات چیت ہوئی۔ بجٹ اجلاس کو احسن طریقے سے چلانے پر اتفاق کیا گیا۔ ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ باہمی ورکنگ ریلیشن شپ کو مزید بہتر بنانے کیلئے مشاورت کا عمل تسلسل کے ساتھ جاری رہے گا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اسمبلی کارروائی بطریق احسن چلانے اور گستاخانہ کتابوں پر پابندی کے حوالے سے سپیکر چودھری پرویزالٰہی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کے عوام کی ترقی وخوشحالی کے لئے پہلے بھی ایک تھے، آئندہ بھی اکٹھے رہیں گے۔ دونوں جماعتوں کے درمیان ورکنگ ریلیشن ہر آنے والے وقت میں مضبوط سے مضبوط تر ہوگی۔ مسلم لیگ ق ہماری اتحادی ہے، ساتھ لیکرچلیں گے۔ غلط فہمیاں پیدا کرنے کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہو گی۔ عوام کی خدمت کا مشن پورا کریں گے۔ عوام کھوکھلے نعرے نہیں، عملی اقدامات چاہتے ہیں۔ پنجاب حکومت نے مختصر عرصے میں ریکارڈ قانون سازی کی ہے۔ پنجاب اسمبلی کا قانون سازی کے حوالے سے ریکارڈ دیگر صوبوں کی اسمبلیوں کے مقابلے میں سب سے بہتر ہے جبکہ اپوزیشن کے پاس فلاح عامہ کا ایجنڈا ہے نہ کرونا سے نمٹنے کا کوئی پروگرام ہے۔ پرویز الٰہی نے کہا کہ تحریک انصاف کے ساتھ ہیں اور ساتھ رہیں گے۔ ہمارا اتحاد پہلے سے زیادہ مضبوط ہے۔ اتحاد میں رخنہ ڈالنے کی خواہش پوری نہیں ہو گی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے اچھے کاموں کو سراہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری پوری سپورٹ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کے ساتھ ہے۔ ماضی کی طرح اب صوبے میں ذاتی پسند و ناپسند نہیں بلکہ میرٹ اور گورننس کی حکمرانی ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار صوبے کے عوام کی خدمت کررہے ہیں۔ ہماری نیت نیک اور سمت درست ہے۔ ہم ملکر عوام کی خدمت کرتے رہیں گے۔ علاوہ ازیں بزدار حکومت نے سرکاری خزانے سے ایک روپیہ خرچ کیے بغیر1227 سکولوں کی اپ گریڈیشن کردی ۔ محکمہ تعلیم نے سکولوں کی اپ گریڈیشن کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا۔ وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ بھر میں طالبات کے 606اورطلبہ کے 621سکول اپ گریڈ کیے جائیں گے۔ ایلیمنٹری سکولوں کے اضافی 3315اساتذہ اپ گریڈ سکولوں میں خدمات سرانجام دیں گے۔ عثمان بزدار نے کرونا سے نشتر ہسپتال کی شہید ڈاکٹر غزالہ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید ڈاکٹر غزالہ نے قربانی کی قابل تقلید مثال قائم کی۔ دکھی انسانیت کی خدمت کرتے ہوئے جان کا نذرانہ پیش کرنے والے معاشرے کا فخر ہیں۔ عثمان بزدار نے سروسز ہسپتال میں ڈاکٹر سلمان علی کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر اظہار افسوس کرتے ہوئے سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئرسے فوری طورپر رپورٹ طلب کرلی ہے اور واقعہ کی غیر جانبدار تحقیقات کا حکم دیا ہے۔

مزیدخبریں