حکومت میرج ہالز فوری کھولنے کی اجازت دے :لاہور چیمبر آف کامرس 

لاہور(کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر میاں طارق مصباح اور نائب صدر طاہر منظور چودھری نے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ میرج ہالز فوری طور پر کھولنے کی اجازت دے تاکہ نہ صرف اس شعبہ بلکہ اس سے وابستہ پچاس سے زائد دیگر صنعتوں ، لاکھوں افراد کے روزگار اور اربوں روپے کی سرمایہ کاری کو بچایا جاسکے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار میرج ہالز اور کیٹررز کے وفد سے لاہور چیمبر میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ لاہور چیمبر کے سابق سینئر نائب صدر علی حسام اصغر، لاہور میرج ہالز ایسوسی ایشن کے صدر میاں الیاس، لاہور چیمبر کی سٹینڈنگ کمیٹی کے کنوینر جنید احمد، اشفاق اشرف اور وفد کے دیگر اراکین نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ میرج ہالز ایسوسی ایشن کی سفارشات نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کو بھجوائی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ میرج ہالز نہ صرف ٹیکس فراہمی کا بڑا ذریعہ ہیں بلکہ لاکھوں افراد کا بالواسطہ اور بلاواسطہ روزگار بھی اس سے منسلک ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں کرونا کی شرح ایک فیصد ہوگئی ہے، یہ واحد سیکٹر ہے جو لاک ڈاؤن کی وجہ سے سب سے زیادہ بند رہا۔ انہوں نے کہا کہ موسم شدید گرم ہونے کی وجہ سے آٹ ڈور ایونٹ ممکن نہیں لہذا حکومت ایس او پیز کے ساتھ میرج ہالز کو آپریشنل ہونے کی اجازت دے۔ 

ای پیپر دی نیشن