اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)ماہرین صحت اور انسداد تمباکو پر کام کرنے والی تنظیموں نے وفاقی حکومت کو آئندہ وفاقی بجٹ میں سگریٹ پر عائد فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی میں 30 فیصد اضافہ کرنے کی تجویز دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں تمباکو کے ٹیکس عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او)کے تجویز کردہ ٹیکس سے پچیس (25) فیصد کم ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اوسط ایکسائز ٹیکس کا شیئر پاکستان میں خوردہ قیمت(ریٹیل پرائس) کا 45.4 فیصد ہے جو ڈبلیو ایچ او کی اس تجویز سے بہت کم ہے کہ ایکسائز ٹیکس خوردہ قیمت کا کم از کم 70 فیصد ہونا چاہئے۔انسداد تمباکو پر کام کرنے والی تنظیموں کے عہدے داران نے گزشتہ روز وزارت قومی صحت پر زور دیا کہ تمباکو کے ایکسائز ریٹ کو کم قیمت درجے میں 43 روپے اور پریمیم درجے پر 135 روپے تک مختص کیا جائے۔