500الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں خریدنے کی منظوری

اسلام آباد (خبرنگار خصوصی+آئی این پی) وفاقی وزیراطلاعات فواد چودھری کا کہنا ہے کہ سائوتھ ایشیا کے تمام براڈ کاسٹنگ رائٹس انڈیا کے پاس ہیں اس لئے پاکستان انگلینڈ کرکٹ سیریز پاکستان میں نہیں دکھائی جا سکے گی۔ انتخابی اصلاحات سے متعلق بل قومی اسمبلی میں ہے۔ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینا چاہتے ہیں لیکن (ن) لیگ کی مخالفت باعث تشویش ہے۔ وفاقی کابینہ نے طارق ملک کو نادار کا نیا چیئرمین مقرر کرنے کی منظوری دی ہے۔ منگل کو وزیر اطلاعات فواد چودھری نے وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ میں  کہا کہ ہم کسی بھی انڈین کمپنی سے کاروبار نہیں کر سکتے۔ سائوتھ ایشیا کے تمام براڈ کاسٹنگ رائٹس انڈیا کے پاس ہیں۔ اب سے ہم کوئی بھی سیریز نہیں دکھائیں گے۔ اسی پرنسپل کو سامنے رکھتے ہوئے پی ٹی وی کی درخواست قبول نہیں کی گئی۔ فواد چودھری  نے کہا کہ پاکستان انگلینڈ کرکٹ سیریز پاکستان میں نہیں دکھا سکیں گے۔ جس سے پی ٹی وی اور پی سی بی کو بھی خسارے کا سامنا ہوگا۔  وفاقی کابینہ نے بھی مطالبہ کیا ہے کہ مغرب میں بڑھتے ہوئے اسلاموفوبیا کا تدارک کیا جائے۔ اسلاموفوبیا مغربی معاشرے میں سرایت کرگیا ہے۔ مغرب میں بڑھتے اسلاموفوبیا پر کنٹرول کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم اسلاموفوبیا پر مغربی حکمرانوں کی توجہ دلاچکے ہیں۔  اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ کے حق پر پیپلزپارٹی کے جواب کا انتظار ہے، اوورسیز پاکستانیوں کی ترسیلات معیشت کی بہتری میں کردار اداکررہی ہیں، پی ٹی آئی کا اس حوالے سے موقف واضح ہے کہ بیرون ملک پاکستانیوں کو انٹرنیٹ کے ذریعے ووٹنگ کا حق دیا جائے گا۔ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ای وی ایم ٹیکنالوجی پارٹ پر الیکشن کمشن کی شرائط مکمل ہوگئی ہیں، ہم ای وی ایم کی 500 مشنیوں کا آرڈر دینے جارہے ہیں جس سے پریس کلبز، بار ایسوسی ایشنز اور دیگر تنظیموں کے الیکشن میں اس کی پریکٹس کی جائے گی۔ ہوائی اڈوں کی حوالگی کے حوالے سے فواد چودھری نے کہا کہ وزیر خارجہ واضح کرچکے ہیں کہ پاکستان میں امریکی اڈوں کا سوال ہی پیدانہیں ہوتا۔ موجودہ حکومت میں ڈرون سرویلنس کی سہولت بھی ختم کی جا چکی ہے۔ ملک میں تمام اڈے پاکستان کے اپنے استعمال میں ہیں۔ پاکستان کے ہوائی اڈے دینے سے متعلق کوئی بات نہیں چل رہی۔ وفاقی وزیر کا ریلوے نظام سے متعلق کہنا تھا کہ ماضی میں دیمک کی طرح اداروں کو تباہ و برباد کیاگیا، یہ بات درست ہے کہ ریلوے نظام کوٹھیک کیا جانا چاہئے، ایک پھونک مار کر ریلوے نظام کوٹھیک نہیں کیاجاسکتا، یہ نظام دو ڈھائی سالوں میں ٹھیک نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آپ نے قرضہ لیکر300 ارب کی اورنج لائن لاہور میں بنا دی، قرضوں کی نتیجے میں ہمارے ادارے تباہ و برباد ہوگئے، سٹیل ملز، پی آئی اے کوانہوں نے تباہ کردیا تھا، یہ کہنا کہ 2 سال میں ریلوے کو درست کردیں گے مشکل ہے، اعظم سواتی نے کہا ہے جیسے ہی فرسٹ رپورٹ آئے گی وہ ایکشن لیں گے۔  ن لیگ اورپیپلزپارٹی بچوں کی طرح لڑرہے ہیں، ہم صرف پیپلزپارٹی نہیں، ن لیگ سے بھی بات چیت چاہتے ہیں، بڑی ریفارمز پر پیپلزپارٹی ،ن لیگ فوکل پرسن نامزدکریں، ن لیگ نے اوورسیز ووٹنگ کی مخالفت کی ہے جو شرمناک ہے، ہم سمندر پار پاکستانیوں کو یہ حق دیں گے۔  پیپلزپارٹی نے کبھی اینٹی پنجاب بات نہیں کی تھی، زرداری اور بلاول اپنی پارٹی کو چھوٹی قوم پرست پارٹی بنانے پر تلے ہیں، پی پی کا خیال ہے پنجاب کے خلاف بات کرکے دوبارہ جگہ بنالیں گے، یہ ڈوبتے ہوئے تنکے کا سہارا لیناچاہ رہے ہیں جو انہیں نہیں ملے گا، دونوں پارٹیاں عمران خان دشمنی پر خود کو زندہ رکھنا چاہ رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، وزیر اطلاعات اور مشیر پارلیمانی امور نے الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو حق رائے دہی کا اختیار دینے کے حوالے سے اب تک کی پیش رفت اور الیکشن کمیشن حکام سے  ملاقات کے حوالے سے کابینہ کو بریفنگ دی۔  چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے ٹرانسپورٹ اینڈ لاجسٹکس کی جانب سے وفاقی کابینہ کو  ابتدائی رپورٹ پیش کی گئی، جب کہ وزیر قانون نے کریمنل لا ریفارمز (فوجداری قوانین اصلاحات)کے حوالے سے پیش رفت پر اجلاس کو آگاہ کیا۔ وزیر اعظم نے  فوجداری قوانین میں اصلاحات کے حوالے سے  وزیر قانون اور انکی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔ فواد چودھری نے بتایا کہ وفاقی کابینہ نے سٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن کا ادا شدہ سرمایہ اور شئیر کیپیٹل میں اضافے کی تجویز منظور کی ہے۔  فرسٹ وویمن بنک کے  بورڈ آف ڈائریکٹر ز کے انڈیپنڈنٹ ڈائریکٹرز اور چئیرمین کی تعیناتی  کی منظوری دی گئی ہے۔ ان میں نجیب آگرہ والا چئیرمین جبکہ ارکان میں بشریٰ احسان، صبیحہ سلطان، اکبرعلی، وجاہت رسول خان اور نغمانہ عالمگیر ہاشمی شامل ہیں۔ وفاقی کابینہ نے کارلٹن ہوٹل کراچی کی اراضی کو اپارٹمنٹس کی تعمیر کے لئے بروئے کار لانے  اور پاکستان کوارٹرز اور جمشید کوارٹرز کراچی کی ریجنریشن پلان کی منظوری  کا ایجنڈا موخر کر دیا۔ اس کے علاوہ کابینہ نے عامر محی الدین (بی ایس 20، سیکرٹیریٹ گروپ)کو چیف ایگزیکیٹو آفیسر  پاکستان ہائوسنگ اتھارٹی فائونڈیشن تعینات کرنے کی منظوری دی۔  اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری لوکل گورنمنٹ کے لئے رولز کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی کو بھجوا دیے۔ کابینہ نے جسٹس (ر) ضیاء پرویز کو کمیشن آف انکوائری برائے لاپتہ افراد میں بطور ممبر تعینات کرنے کی منظوری دی۔  عمر حبیب لودھی کو منیجنگ ڈائریکٹر یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن آف پاکستان تعینات کرنے کی منظوری دی۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ یوٹیلیٹی اسٹور کارپوریشن کوماضی میں مالی خسارے کا سامنا رہا تھا، موجود حکومت کی کوششوں کے نتیجے میں یوٹیلیٹی اسٹورز کی سیل دس ارب سے بڑھ کر سو ارب تک چلی گئی ہے اور ادارہ آپریٹنگ پرافٹ میں یعنی منافع کما رہا ہے۔ وفاقی کابینہ نے قومی ترانے کو جدید طرز پر ڈھالنے کے لئے (انیلاگ سے  ڈولبی ایٹمز ٹیکنالوجی سے ڈیجیٹل کرنے) کمیٹی کے قیام کی منظوری دی ہے۔ کابینہ نے وزارت  اطلاعات کی جانب سے پیش کی جانے والی اس تجویز کو بھی منظور کیا کہ پی ٹی وی سپورٹس پر سیریز اے چیمپیئن شپ 2018-19 اور پاکستان بمقابلہ بنگلا دیش 2020 کرکٹ میچز دکھانے کے ضمن میں پی ٹی وی کی جانب سے سونی پکچرز نیٹ ورک کو واجب الادا رقوم کی ادائیگیاں کر دی جائیں تاہم کابینہ نے پاکستان انگلینڈ میچز کے حوالے سے پی ٹی وی کو استشنیٰ دینے کی تجویز کو مسترد کر دیا۔ کابینہ نے مبشر حسن کو منیجنگ ڈائریکٹر اے پی پی تعینات کرنے کی تاجکستان کو کرونا وباء کا مقابلہ کرنے کے لئے انسانی بنیادوں پر امداد  فراہم کرنے کی منظوری دی، اس سامان میں پی پی ای کٹس وغیرہ شامل ہوں گی۔  نوید اسمعیل کو کے الیکٹرک بورڈ آف ڈائریکٹرز میں بطور ممبر تعینات کرنے کی منظوری دی گئی۔ اس کے  اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 21مئی2021،26 مئی 2021اور 02جون 2021میں لئے گئے فیصلوں  پر غور کیا اور ان کی توثیق کی۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کے دوران معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کرونا وباء کے دوران ایک کروڑ ستر لاکھ مستحق خاندانوں میں نہایت شفاف طریقے سے رقوم کی تقسیم احساس کیش پروگرام کی دوسری قسط کے بارے میں بریفنگ دی۔  کابینہ کو بتایا گیا کہ نیٹ ہائیڈل پرافٹس کا معاملہ جو کہ ایک طویل عرصے سے حل طلب تھا اس کے حوالے سے معاملات طے پا گئے ہیں اور آئندہ چھ ماہ میں نیٹ ہائیڈل پرافٹس کی ادائیگیاں کر دی جائیں گی۔ کابینہ نے ٹیلیفون انڈسٹریز آف پاکستان کو نیشنل ریڈیو ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن ٹرانسفر  کرنے کی منظوری دی ۔ اس حوالے سے پیش آنے والے معاملات کے حل کے لئے بین الوزارتی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔آئی این پی کے مطابق    فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان انگلینڈ کرکٹ سیریز کو پاکستان میں دیکھا نہیں جا سکے گا۔ کابینہ نے پی ٹی وی  کو پاکستان اور انگلینڈ کی کرکٹ سیریز دکھانے کیلئے انڈین کمپنی کی خدمات لینے کی اجازت نہیں دی۔ وزیراعظم نے کہا کہ جب تک  بھارت غیر قانونی قبضے والے کشمیر پر 5اگست کے فیصلہ کو واپس نہیں لیتا تب تک بھارت  کے ساتھ کسی بھی قسم کا کاروبار نہیں ہو سکتا۔ کابینہ اجلاس میں گھوٹکی ٹرین حادثے کے شہداء اور کینیڈا میں جاں بحق ہونے والے پاکستانیوں کیلئے دعا کی گئی ۔

ای پیپر دی نیشن