اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام کے پاس کھانے کو روٹی نہیں، پہننے کو کپڑا نہیں، سر پر چھت نہیں اور عمران خان کہتے ہیں کہ گھبرانا نہیں ہے۔ ڈکٹیٹر پرویز مشرف کے دور میں 50 فیصد عوام غربت کا شکار تھے اور آج عمران خان نے پھر حالات کو اسی نہج پر پہنچا دیا جہاں سے پی پی پی نے ملک کو نکالا تھا۔ میڈیا سیل بلاول ہاؤس سے جاری اپنے ایک بیان میں پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عمران خان کی نااہلی کی وجہ سے گھر گھر معاشی تباہی کی داستانیں رقم ہو رہی ہیں۔ انہوں نے گندم دستیاب مگر آٹا مہنگا، گنا موجود مگر چینی کی قیمتیں قابو سے باہر ہونے کا تذکرہ کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ یہ عمران خان کی مافیا کی سرپرستی کے نتائج نہیں تو اور کیا ہیں؟۔ پی پی پی چیئرمین نے بتایا کہ پی ٹی آئی کو بجٹ میں تنخواہ دار اور پنشنرز سمیت عام آدمی کے ریلیف کی کوئی فکر نہیں، ان کا ٹارگٹ صرف جی ڈی پی کے غلط ہندسے کو درست ثابت کرنا ہے۔ عمران خان کے دور حکومت میں ملک میں ہر پانچواں فرد یا تو نوکری سے محروم ہوا ہے یا اس کی آمدنی میں کمی واقع ہوئی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کینیڈا میں اسلامو فوبیا کے تحت ہونے والے جان لیوا حملے کی مذمت کی ہے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ کینیڈا میں پیش آنے والا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے۔